سعودی عرب :غیرمسلموں کو مکہ کی مساجد میں داخلے کی اجازت مل گئی

اقدام کا مقصد غیرمسلموں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے،مسجد میں کوئی بھی شخص داخل ہو سکتا ہے مسلمان ہونا شرط نہیں ۔ اما م مسجد مدینہ منورہ

پیر 30 مئی 2016 09:46

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2016ء)سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ کی چار تاریخی مساجد غیرمسلم زئرین کے لیے کھول دی ہیں۔سعودی اخبارنے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غیرمسلم شہریوں کو مساجد میں آنے کی اجازت دینے کا مقصد انہیں اسلامی تہذیب وثقافت اور اسلامی فن تعمیر سے روشناس کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کی چار تاریخی مساجد جامع مسجد الرحم، جامع مسجد التقویٰ، جامع مسجد شاہ فہد اور جامع مسجد شاہ سعود میں غیرمسلموں کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

مدینہ منورہ میں مسجد قباء کے امام وخطیب الشیخ صالح المغامسی نے غیرمسلموں کے مساجد میں داخلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسجد میں کوئی بھی شخص داخل ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے مسلمان ہونا شرط نہیں ہے۔ اسلام میں غیرمسلموں کے مساجد میں داخلے پر کوئی ممانعت نہیں۔