گوروں کو یاسر شاہ کا خوف ، اسپن باؤلنگ گر سیکھنے کیلئے ثقلین مشتاق سے معاہدہ کرلیا

’دوسرا’ کے تخلیق کار ثقلین مشتاق نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے مختصر مدت کے لیے اسپن باوٴلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے معاہدہ کرلیا پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا

اتوار 29 مئی 2016 10:39

 لندن،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2016ء) پاکستان کے لیجنڈ اسپنر ثقلین مشتاق انگلش باوٴلرز کو اسپن باوٴلنگ کے گر سکھانے کے لیے تیار ہوگئے ہیں-’دوسرا ‘ کے تخلیق کار ثقلین مشتاق نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) سے مختصر مدت کے لیے اسپن باوٴلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے معاہدہ کرلیا لیکن وہ میڈیا کے حوالے سے مصروفیات کے باعث پاک-انگلینڈ سیریز کے صرف دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق جولائی سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران یاسر شاہ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرلیں۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے چند روز پہلے ثقلین مشتاق کو قلیل مدت کے لیے اسپن باوٴلنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کی پیش کش تھی۔

(جاری ہے)

22 سے26 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوران جہاں ثقلین مشتاق پاکستانی نڑاد انگلش اسپنرز عادل رشید اور معین علی کو مزید گر سکھائیں گے، وہیں انگلش بلے بازوں کو سب سے بڑے خطرے یاسر شاہ کے خلاف موثر حکمت عملی بھی بتائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسپنر یاسر شاہ نے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔دورہ انگلینڈ میں پاکستان اسپن بولنگ پر ہی انحصار کرے گا لیکن اب ثقلین مشتاق کے معاہد ے نے گرین شرٹس کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔39 سالہ ثقلین مشتاق اس سے قبل نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ باوٴلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی تا ستمبر تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :