سعودی عرب، ایران حج ضوابط اور انتظامات پر متفق

جمعہ 27 مئی 2016 10:12

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2016ء)سعودی عرب نے کہا ہے کہ ایرانی وفد کے ساتھ ایرانی عازمین حج سے متعلق انتظامات کے بارے میں بات چیت مثبت رہی ہے اور دونوں ملکوں کے وفود نے ان انتظامات سے اتفاق کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر حسین شریف نے کہا ہے کہ مملکت اور اس کی قیادت دنیا بھر سے آنے والے حجاج کا خیرمقدم کرتی ہے۔

انھوں نے ایرانی وفد کے ساتھ بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ''طرفین نے عازمین حج کے لیے انتظامات کے علاوہ ان کی تنظیم اور انھیں خدمات مہیا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے''۔انھوں نے کہا کہ ایرانی وفد کی آمد کے بعد طرفین میں ایک الیکٹرانک ویزا استعمال کرنے سے متعلق ایک سمجھوتا طے پاچکا ہے۔

(جاری ہے)

یہ الیکٹرانک ویزا ایرانی عازمین حج کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے کیونکہ تہران میں سعودی سفارت خانہ بند ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران نے حج سے متعلق تمام سعودی قواعد وضوابط اور شرائط سے اتفاق کیا ہے۔واضح رہے کہ ایرانی وفد یہ دورہ سعودی عرب کے نئے وزیر حج کی دعوت پر کررہا ہے۔ایران کے وزیر ثقافت علی جنتی نے 12 مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ایرانی عازمین حج کے لیے اس سال ابھی تک حج کے انتظامات نہیں کیے جاسکے ہیں۔اس لیے وہ حج پر نہیں جاسکیں گے۔اس کے بعد ایرانی حکومت نے از خود ہی اپنے شہریوں کے حج کے لیے حجاز مقدس جانے پر پابندی عاید کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :