ڈونلڈ ٹرمپ نے رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے لیے مطلوب مندوبین کی حمایت حاصل کرلی

جمعہ 27 مئی 2016 10:12

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2016ء)امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے لیے مطلوب مندوبین کی حمایت حاصل کرلی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست اوکلاہوما کی مندوب کے حوالے سے بتایا گیا کہ 'ٹرمپ نے ایسے انتخابی حلقے کو متاثر کیا ہے جسے ہمارے ملک کی موجودہ پوزیشن پسند نہیں۔'رپورٹ میں بتایا گیا کہ رپبلیکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے 1237 مندوبین کی حمایت کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ٹرمپ 1238 حمایتیں حاصل کرچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 303 مندوبین کی رائے آنا ابھی باقی ہے جس کے بعد ٹرمپ اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ رپبلکن پارٹی کی جانب سے 18 سے 21 جولائی کے درمیان اپنے امیدوار کا اعلان متوقع ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازع بیانات کے حوالے سے مشہور ہیں. کچھ عرصہ قبل صدارتی امیدواروں کے درمیان مباحثے کے حوالے سے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنی اس بات پر قائم ہیں کہ اسلام ہم سے نفرت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ صرف ’شدت پسند‘ امریکا سے نفرت کرتے ہیں، لیکن زیادہ تر لوگ حقیقت سے آگاہ نہیں ہیں کہ عالمِ اسلام کی اکثریت امریکا سے سخت نفرت کرتی ہے۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کئی بیانات دے چکے ہیں، جن پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے متنازع بیانات پر نہ صرف دنیا بھر بلکہ امریکا کے سیاسی رہنماوٴں کی جانب سے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ڈیموکریٹک رہنماوٴں کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوگئے تو امریکا کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔

دوسری جانب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مسلسل بیانات پر کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس ڈونلڈ ٹرمپ کو عیسائیت سے خارج بھی قرار دے چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :