ایس ای سی پی نے نئے کاروبار کی ابتداء کے لئے فیسوں میں 60فیصد کمی کر دی

نئے فیس اسٹکچر کے تحت آن لائن سہولت استعمال کرتے ہوئے ایک نئی کمپنی صرف دو ہزار روپے میں رجسٹرڈ کی جا سکے گی

بدھ 25 مئی 2016 09:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2016ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے کارپوریٹائزیشن کے رجحان میں اضافے اور نئے کاروبار کی ابتداء میں سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر کمپنیزآرڈیننس 1984کے چھٹے شیڈول میں دی گئی، سرمائے کی مد میں ادا کی جانے والی اور گوشواروں کی ادائیگی کی فیسوں کے اسٹکچر میں ساٹھ فیصد کمی کر دی ہے۔

فیسوں میں کمی اکتیس مئی سے نافذ العمل ہو گی۔ نئے فیس اسٹکچر کے تحت آن لائن سہولت استعمال کرتے ہوئے ایک نئی کمپنی صرف دو ہزار روپے میں رجسٹرڈ کی جا سکے گی جبکہ مینول رجسٹریشن کی فیس چار ہزار روپے ہو گی۔ اس وقت آن لائن کمپنی رجسٹریشن کی فیس پانچ ہزار پانچ سو پچاس روپے جبکہ مینول رجسٹریشن کی فیس بارہ ہزار تین سو روپے ہے۔

(جاری ہے)

ان فیسوں میں ساٹھ فیصد کمپنی کر دی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کئے گئے ایس آر او کے مطابق سرمائے کی پہلی سلیب کی فیس کو پچیس سو روپے سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ مینول طریقے سے جمع کی گئی درخواستوں کے لئے سرمائے کی پہلی سلیب کی فیس کو پانچ ہزار روپے سے کم کر کے دو ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ تاہم، سرمائے کی آخری دو سلیب کی فیسوں میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے جس کا چھوٹے سرمائے سے کاروبار شروع کرنے والوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

سرمائے کی فیسوں میں کمی کے علاوہ، ایس ای سی پی نے گوشواروں اور ریٹرن جمع کروانے کی فیسوں میں بھی نمایا ں کمی کی ہے ۔ سرمائے کی بنیاد پر ریٹرن کی فیس کا اسٹکچر متعارف کرواتے ہوئے آن لائن کمپنیوں کی کم از کم فائلنگ فیس دو سو پچاس روپے اور زیادہ سے زیادہ چھ سو روپے کر دی گئی ہے جبکہ مئینول طریقے سے ریٹرن جمع کروانے والی کمپنی کی کم از کم فیس پانچ سو روپے اور زیادہ سے زیادہ بارہ سو روپے کر دی گئی ہے ۔

اس اسٹکچر کے مطابق چھوٹی کمپنیوں کو کم اور بڑی کمپنیوں کو زیادہ فیس ادا کرنی ہو گی ۔ اس وقت تمام کمپنیوں کے لئے آن لائن ریٹرن کی فیس چھ سو روپے اور مینول ریٹرن کی فیس پندرہ سو روپے ہے۔ کارپوریٹ سیکٹر کو مزید سہولت دینے کے لئے، کمپنی رجسٹریشن کے بعد پہلی بار رجسٹریشن کے تصدیق شدہ دستاویزات حاصل کرنے کے لئے فیس کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ آئندہ سے کمپنی کی رجشٹریشن کے بعد تمام تصدیق شدہ کاپیاں کمپنی کو بغیر کسی فیس کے فراہم کی جائیں گے۔ یہ سہولت صرف پہلی مرتبہکی تصدیق شدہ کاپیوں کے لئے ہو گی۔ ایس ای سی پی کے ان اقدامات کا مقصد کاروبار شروع کرنے میں آسانی فراہم کرنا اور ملک میں کاروبار کی رجسٹریشن کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔