سندھ پولیس نے 13شہیدوں سمیت1800اہلکاروں کی بھرتیاں جعلی قرار دیدیں

سندھ ریزرو پولیس کے برطرف اہلکار صوبائی حکومت کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے

بدھ 25 مئی 2016 09:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2016ء)پولیس حکام نے 13شہیدوں سمیت1800اہلکاروں کی بھرتیاں جعلی قرار دے دیں، سندھ ریزرو پولیس کے برطرف اہلکار صوبائی حکومت کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے۔ سندھ ریزرو پولیس کے برطرف پولیس اہلکاروں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 2012ء میں بھرتی ہونے والے 1832 پولیس اہلکاروں کو بغیر شو کاز نوٹس برطرف کر دیا تھا۔ رواں ماہ 1760 پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا گیا جبکہ کچھ ماہ قبل بھی 172 پولیس اہلکار برطرف کئے گئے۔ نااہلی کی انتہاء یہ ہے کہ 13 شہید اہلکاروں کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے جس کی وجہ شہید اہلکاروں کی پنشن بھی روک گئی ہے۔برطرف پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ نوکریوں پر بحال نہ کیا گیا تو احتجاج جاری رکھیں گے۔ شدید گرمی کے باعث مظاہرے میں اظہار یکجہتی کے لئے شریک خاتون سمیت دو پولیس اہلکاروں کی حالت غیر ہو گئی جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :