خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال 2016-17میں نئی اور خالی آسامیوں پر چالیس ہزار سے زائد بھرتیاں جبکہ پانچ ہزار ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ

بدھ 25 مئی 2016 10:15

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2016ء)خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال 2016-17میں نئی اور خالی آسامیوں پر چالیس ہزار سے زائد بھرتیاں جبکہ پانچ ہزار ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سب سے زیادہ بھرتیاں محکمہ تعلیم میں بیس ہزار تک کی جائیگی دوسرے نمبر پر خیبر پختونخوا پولیس ،تیسرے نمبر پرمحکمہ صحت ، میں کی جائیگی ۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق مختلف پراجیکٹس اور کنٹریکٹ پر تعینات ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے بھی نئی آسامیاں پیدا کی جائیگی ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پچاس ہزار سے زائدنئی آسامیاں مختص کرنے کی سفارشات کی گئی تھی تاہم ذرائع کے مطابق 72ارب روپے شدید مالی خسارے کے باعث نئے مالی سال کے موقع پر آسامیوں کی تعداد کم از کم رکھی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ کنٹریکٹ پرتعینات ملازمین کو مستقل کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کے لئے بھی فنڈز مختص کیا جا رہا ہے ۔

کنٹریکٹ پر تعینات ڈاکٹروں کو مستقل کردیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری محکموں میں تعینات ملازمین کی اپ گریڈیشن پہلے سے ہی کی ہے ۔ نئی بھرتیوں کا اعلان بجٹ کے موقع پرکردیا جائے گا ۔ نئی بھرتیوں کے لئے اخراجات بھی مختص کئے جا رہے ہیں نئے مالی سال کے بجٹ کے لئے سرکاری محکموں میں خالی آسامیاں ، کنٹریکٹ پر تعینات ملازمین کی تفصیلات سمیت بجٹ کے بارے میں تجاویز محکمہ خزانہ کو ارسال کی جا چکی ہے ۔