پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن با صلاحیت کرکٹرز متعارف نہ کروا سکا،ریاض حسین پیر زادہ

کھیلوں کو دہشت گردی نے تباہ کیا، حکومت کب تک بند دروازوں میں کھیلیں منعقد کرواتی رہے گی ، عوام کو بھی اب اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ

پیر 23 مئی 2016 09:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن با صلاحیت کرکٹرز متعارف نہ کروا سکا، پاکستان کی کھیلوں کو دہشت گردی نے تباہ کیا، حکومت کب تک بند دروازوں میں کھیلیں منعقد کرواتی رہے گی ، عوام کو بھی اب اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کھلاڑی پورے جذبہ کیساتھ کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں ، حکومت ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی میزبانی کیلئے کوشاں ہیں ،قوم ہاکی کی ہار برداشت نہ کرتی جبکہ قومی کھیل کی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں انڈر۔ 18نیشنل ہاکی چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ریاض پیر زادہ نے کہاکہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی اور بہتری کیلئے حکومت پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہر ممکن مالی معوانت کرئے گی ، کھلاڑی جذبہ سے کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں،کیونکہ اگر کھلاڑی جذبہ کیساتھ میدان میں نہیں اترے گے اور ان کا کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کھیلوں کو دہشت گردوں نے تباہ کیا ، دہشتگردوں کا مقابلہ صرف کھلاڑی اور عوام کر سکتے ہیں ، کھیلوں کے میدان کو آباد کرنے کیلئے اب عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، وزیر اعظم سمیت حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ہاکی سمیت دیگر کھیلوں میں پاکستان اپنے کھوئے ہوئے اعزازات اور میڈلز واپس لیکر آئے ۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کرکٹ کا بڑا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ سکا، نہ کوئی بڑا باولر ابھر سکا نہ کوئی بیٹسمین جبکہ حکومت ملک بھر میں ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کیلئے مختلف اقدامات پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ کرکٹ کے انٹرنیشنل ایونٹس پاکستان میں ہی کھیلے جائیں ، کرائے کی پچز میں کھیلنا فائدہ مند نہیں جبکہ پارلیمنٹ کو بھی تشویش ہے کہ ملک میں کھیلوں کے میدان آباد کیوں نہیں ہو رہے ہیں ۔