آئی پی ایل پر ایک بار پھر میچ فکسنگ کے سائے ، دہلی اور حیدر آباد کے میچ میں مشکوک حرکات

اتوار 22 مئی 2016 11:18

رائے پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2016ء)بھارت میں جاری متنازعہ کرکٹ لیگ آئی پی ایل پر ایک بار پھر میچ فکسنگ کے سائے منڈلانے لگے ہیں جبکہ آئی سی سی حکام پیسے کی چمک پر خاموش ہیں۔ گزشتہ روز ایک ایسا میچ کھیلا گیا جس نے ٹورنامنٹ میں میچ فکسنگ کے شکوک کو یقین میں بدل دیا۔ پلے آف میں کوالیفائی کرنے والی اور پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست سن رائزرز حیدر آباد نے دہلی ڈیئر ڈیلوز کو ایسے میچ جتوایا جس سے اس میچ میں فکسنگ واضح ہوگئی۔

پہلے ناقص بیٹنگ کی گئی اس کے بعد انتہائی اہم مواقع پر ڈومینی اور کرن نائر کے انتہائی آسان کیچ گرائے گئے اور یہ کیچ کپتان وارنر نے گرائے جو دنیا کے مانے ہوئے فیلڈرز ہیں۔ اس کے بعد وکٹ کیپر نے جان بوجھ کر کئی بار بال کو نہ پکڑا۔ اس کے بعد آخری اوور میں جب11رنز درکار تھے تو فیلڈرز کو دائرے میں کھڑا کیا گیا۔

(جاری ہے)

آخری بال پر دو رنز درکار تھے تو بال ایک بار پھر کپتان وارنر کے پاس گئی جنہوں نے بال کو نہ پکڑا اور بال باونڈری کے باہر چلی گئی جس سے دہلی جیت گئی۔

کرن نائر نے 83رنز بنائے جن کا انتہائی آسان کیچ وارنر نے گرایا تھا۔ یاد رہے کہ ہمیشہ ہی اس لیگ پر میچ فکسنگ کے الزامات لگتے رہے ہیں جو درست بھی ثابت ہوئے لیکن کھلاڑیوں کی بجائے فرنچائز پر پابندی لگائی گئی۔ اب ایک بار پھر ایسا ہی ہو رہا ہے لیکن آئی سی سی اس معاملے پر خاموش ہے۔

متعلقہ عنوان :