وزیر اعظم کا فیملی کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی کے گھر آمد،بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی

شریف فیملی نے گیلانی فیملی کیلئے گلدستے ،پھل اور مٹھائی کے تحفے پیش کئے،کھانے کی ٹیبل پر 17 ڈشز تیار کی گئیں وزیر اعظم کی گیلانی سے ملاقات ،پانامہ لیکس سمیت اہم امورپر تبادلہ خیال تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، نواز شریف ،گیلانی کی مکمل تعاون کی یقین دہانی

اتوار 22 مئی 2016 11:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2016ء ) وزیر اعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کے گھر پر ملاقات کی ہے اور انہیں 3 برسوں بعد مغوی بیٹے کی باحفاظت بازیابی پر مبارک باد دی ہے، وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیٹے حسین نواز اور دیگر شخصیات کے ہمراہ لاہور میں یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔

اس موقع پر انہوں نے گیلانی فیملی کے لیے گلدستے ، پھل اورمٹھائی کے تحفے بھی پیش کیے۔یوسف رضا گیلانی کے بازیاب ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی باحفاظت واپسی پر مبارک باد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے علی حیدر گیلانی سے گفتگو میں کہا کہ کلثوم نواز نے آپ کی رہائی کیلئے بہت دعائیں کیں ، علی حیدر گیلانی نے جواب میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مائیں تو دعائیں کرتی ہی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علی حیدر گیلانی اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو فراموش کرکے مستقبل پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی یوسف رضا گیلانی سے علیحدگی میں ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے پانامہ ایشو پر یوسف رضا گیلانی سے بات کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے خصوصی طیارہ افغانستان بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔رپورٹ کے مطابق گیلانی فیملی نے شریف فیملی کیلئے سپیشل کھانوں کا انتظام کیا اور مختلف17 ڈشنز تیار کروائی گئیں ۔