جہانیاں،سکول میں ناقص آئس کریم کھانے سے 15سے زائد طلباء کی حالت بگڑ گئی

ہفتہ 21 مئی 2016 09:31

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2016ء) ڈی پی ایس سکول اینڈ کالج میں ناقص آئس کریم کھانے سے 15سے زائد طالب علموں کی حالت بگڑ گئی ،7بچوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں جبکہ دیگر کو ان کے آبائی علاقوں کے پرائیوٹ کلینکوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعة المبارک کے روز ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج جہانیاں میں آئس کریم ڈے تھا پریپ کلاس کے بچوں نے آئس کھائی جس سے 15سے زائد طالب علموں کی حالت بگڑ گئی ۔

پریپ کلاس کے7بچوں محمد حیدر،امجد حسین،سیّد عبدالوہاب، شاہ زین،مناہل آصف،منیبہ ،خالد کو طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں داخل کروا دیا گیا ہے۔ٹی ایچ کیو کے ایمر جنسی وارڈ کے انچارج ڈاکٹر اکشم الیاس نے بتایا کہ شام تک7بچوں کو ایمر جنسی میں طبی امداد کیلئے لایا گیا جنہیں ایمر جنسی وارڈ میں طبی امداد فراہم کی گئی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

(جاری ہے)

آئس کریم کھانے سے دیگر متاثر ہونے والے طالب علموں کو ان کے آبائی علاقوں ٹبہ سلطان پور،ٹھٹھہ صادق آباد،چک نمبر138دس آر اور دیگر علاقوں کے نجی کلینکوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ڈاکٹر اکشم کے مطابق آئس کریم کھانے سے بچے پیچش ،الٹیاں اور بخار میں مبتلا ہو گئے ۔ ڈی پی ایس سکول اینڈ کالج جہانیاں کی انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی مئوقف نہ دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل سعدیہ کاشف اپنے گھر خانیوال جا چکی ہیں۔