حکومت پنجاب نے رمضان پیکج کی باقاعدہ منظوری دے دی

رمضان پیکج کے تحت اشیائے خوردنی پر5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی مستحق افراد کا روزہ کھلوانے کے لئے 2 ہزار مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے محکمہ پولیس کا خصوصی عملہ رمضان بازاروں پرتعینات ہو گا،مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی: بلال یاسین

ہفتہ 21 مئی 2016 09:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2016ء) حکومت پنجاب نے رمضان پیکج کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اس پیکج کے تحت 5 ارب روپے کی سبسڈی سے لوگوں کو اشیائے خوردنی رمضان المبارک کے دوران ارزاں نرخوں پر مہیا کی جائیں گی۔اس سلسلہ میں رمضان بازاروں کا باقاعدہ انعقاد 3 جون سے کیا جارہا ہے۔اس دوران صوبہ میں تحصیل وضلع کی سطح پر 330 رمضان بازار روزانہ کی بنیاد پر لگائے جائیں گے جہاں پر لوگوں کو صبح9 بجے سے شام6 بجے تک اشیاء خوردنی ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

یہ بات صوبائی وزیر خوراک وچیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے آج کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ میں ایکاجلاس صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹریزلائیو سٹاک ،صنعت،خوراک،زراعت،انفارمیشن،صحت،ضلعی انتظامیہ کے افسران کے علاوہ حکومتی ایجنسیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلال یاسین نے اجلاس کو بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس کے قیام کے لئے 250 ملین روپے مختص کر دئیے گئے ہیں۔

اسی طرح مستحق افراد کا روزہ کھلوانے کے لئے 2 ہزار مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ان کا صیام مبارک آرام سے گزرے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں 2 ہزار پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔یہ مجسٹریٹ ذخیرہ اندوزوں اور نا جائز منافع خوروں پر کڑی نگاہ رکھتے ہوئے لوگوں کو سستی اشیائے ضروریہ مہیا کرنے میں معاون ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت صوبہ میں 25 ماڈل بازار بھی لگا رہی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران19 اشیاء خوردنی پر سبسڈی دی جائے گی۔آٹا گرین10 کلو تھیلا290 روپے،آٹا اورنج10 کلو تھیلا310 روپے،آٹا اورنج20 کلو تھیلا620 روپے ،چینی20 ہزار میٹرک ٹن رمضان بازاروں میں مہیا کی جائیں جو مارکیٹ نرخ سے 10 روپے فی کلو کم پر دستیاب ہوگی۔

اسی طر ح مارکیٹ سے گھی/ تیل10 روپے فی کلو کم،انڈے5 روپے فی درجن کم،مرغی کا گوشت10 روپے فی کلو کم پر دستیاب ہوں گی جبکہ دال مسور،دال ماش،بیسن،دال چنا بھی کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹور بھی قائم ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک میں سکیورٹی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے موثر اور فول پروف اقدامات کئے جائیں گے اس مقصد کے لئے محکمہ پولیس کا خصوصی عملہ رمضان بازاروں پر تعینات ہو گا جو مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھے گا۔