سپیکر قومی اسمبلی نے چودھری اسدالرحمان کی رکنیت معطل کردی

اسدالرحمان کا تعلق مسلم لیگ(ن) سے، جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے کے بھائی ہیں، سیکرٹری اسمبلی کے سامنے درخواست کو پھاڑا،سیکرٹری اور ن لیگ کی قیادت کو غلیظ گالیاں دیں سپیکر نے میری درخواست پر کارروائی نہیں کی لیکن اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے،شگفتہ جمانی،رکنیت معطل ہونے پر لابی میں اسد الرحمان دل کی خوب بھڑاس نکالی اور لیگی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا،ذرائع

جمعہ 20 مئی 2016 09:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2016ء)مسلم لیگ (ن) کی قیادت سمیت اراکین پارلیمنٹ اور بیورو کریسی کو بار بار گالیاں دینے والے رکن قومی اسمبلی چودھری اسدالرحمان کی رکنیت سپیکر قومی اسمبلی نے حالیہ اجلاس کے لئے معطل کردی ہے ۔ چودھری اسدالرحمان کا تعلق مسلم لیگ(ن) سے ہے اور سپریم کورٹ کے جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے کے بھائی ہیں ۔

چودھری اسدالرحمان نے گزشتہ روز پہلے سیکرٹری اسمبلی کے سامنے جا کر اپنی درخواست کو پھاڑا اور سیکرٹری اسمبلی سمیت مسلم لیگ(ن) کی پوری قیادت کو غلیظ گالیاں دیں ۔ جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی نے تمام شواہد کو سامنے رکھتے ہوئے چودھری اسد الرحمان کی حالیہ اجلاس کے لئے رکنیت معطل کر دی ۔اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔

(جاری ہے)

2016ء کو ملنے والی معلومات کے مطابق چودھری اسد الرحمان اپنے بھائی جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

اس سے پہلے سابق وزیر مملکت اور رکن قومی اسمبلی محترمہ شگفتہ جمانی کے ساتھ بھی چودھری اسدالرحمان نے انتہائی بدتمیزی کی تھی اور محترمہ شگفتہ جمانی نے باضابطہ تحریری درخواست کے ذریعے سپیکر قومی اسمبلی سے داد رسی کی اپیل کی تھی لیکن سپیکر چیمبر نے اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی ۔ اس کے بعد چودھری اسد الرحمان نے لاء اینڈ جسٹس کمیٹی کے چیئرمین بشیر محمود ورک ایم این اے کو بھی اپنی بدتمیزی کا نشانہ بنایا اور بشیر محمود ورک نے بھی چودھری اسد الرحمان کے خلاف کارروائی کے لئے سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست دی لیکن سپیکر چیمبر سے کسی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا۔

علاوہ ازیں چودھری اسد الرحمان پر (ن) لیگ کے ایم پی اے میاں رفیق کے سر پر کرسی دے مارنے کا بھی الزام ہے ۔ ذرائع کے مطابق میاں رفیق کی طرف سے آئی جی پنجاب کو درخواست بھی دی گئی ہے چودھری اسدالرحمان خود بھی استحقاق کمیٹی کے چیئرمین ہیں اور اس سے پہلے ان کے خلاف یہ شکایت بھی تھی کہ اس کمیٹی میں بلائے جانے والے بیوروکریٹس کو بہت زیادہ زچ کرتے ہیں اور خاص طور پر سندھی افسران پر اپنا رعب اور دبدبہ بھرپور طریقے سے قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور سندھ سے تعلق رکھنے والے افسران اپنے حلقے کے اراکین اسمبلی سے اس رویئے کی شکایت بھی کر چکے ہیں اس حوالے سے جب رکن قومی اسمبلی محترمہ شگفتہ جمانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ چودھری اسدالرحمان کا رویہ ہر وقت ایک جیسا ہی ہوتا ہے اور میں نے درخواست سپیکر کو دی تھی اس وقت کارروائی نہیں ہوئی لیکن اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے ۔

ذرائع کے مطابق چودھری اسدالرحمان کی گزشتہ روز جب رکنیت معطل کی گئی تو لابی میں آ کر بھی انہوں نے اپنے دل کی خوب بھڑاس نکالی اور لیگی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ اس حوالے سے لاء اینڈ جسٹس کمیٹی کے چیئرمین بشیر محمود ورک ایم این اے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ چودھری اسد الرحمان ہمارے ساتھی ایم این اے ہیں اور جذباتی آدمی ہیں دوستوں کے درمیان تلخیاں ہو جاتی ہیں ۔

واضح رہے کہ چودھری اسدالرحمان کے بڑے بھائی جسٹس(ر) خلیل الرحمان رمدے جب اعلی عدلیہ کے جج تھے تو وکلاء کی طرف سے پاکستان بار کونسل کو درخواست دی گئی تھی کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اس لئے ان کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے اور اب چودھری اسد الرحمان اپنے ساتھی ایم این ایز اور اپنی قیادت کے خلاف نازیبا زبان سرعام استعمال کر رہے ہیں سپیکر چیمبر کے لئے ان کا رویہ قابل تشویش ہے ۔