افغانستان:پولیس افسر نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی 8 ساتھیوں کو ہلاک کردیا

جمعہ 20 مئی 2016 09:41

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2016ء) افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں ایک پولیس افسر نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کرکے اپنے ہی 8 ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ میں زابل کے ڈپٹی پولیس چیف غلام جلانی فارحانی کے حوالے سے کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار پولیس اہلکار صوبائی دارالحکومت قلات سے فرار ہوگیا، اپنے ساتھ اسلحہ اور گاڑی بھی لے گیا ہے۔

ادھرطالبان کے ترجمان قاری یوسف نے ایک جاری بیان میں کہا کہ واقعے کے پیچھے ان کا گروپ ملوث ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ 'فائرنگ کرنے والا اب ان کے ساتھ ہے'۔اس علاقہ کے ضلعی پولیس چیف شاہ محمد نے بتایا کہ صوبہ ارزگان کے ضلع دیھراود میں ایک پولیس اہلکار نے دو ساتھی اہلکاروں کو ذاتی رنجش کے باعث فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں افغان فورسز میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس میں ملک کے بیشتر عسکری گروپ ملوث ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں صوبہ قندھار کی ایئرفیلڈ میں بین الاقوامی فوج کے اسٹیشن پر ایک افغان فوجی اہلکار نے دو ساتھی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا، دونوں مقتولین کا تعلق رومانیہ کی اسپیشل فورس سے تھا۔واضح رہے کہ 2014 کے دسمبر میں افغانستان سے نیٹو اور امریکی فوجیو کی بڑی تعداد کا انخلاء ہوگیا تھا تاہم یہاں مقامی فورسز کی تربیت اور انسداد دہشت گردی آپریشنزکے حوالے سے مدد فراہم کرنے کیلئے 13000 امریکی اور نیٹو فوجی موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :