فیصل آباد ،20مئی کے جلسے میں کسی بھی قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر قانون پر عائد ہوگی،تحریک انصاف

جمعرات 19 مئی 2016 09:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی اور ضلعی عہدیداران نے صوبائی وزیر قانون راناء ثناء اللہ کی طرف سے فیصل آباد میں پارٹی کے 20مئی کے جلسے کے بارے میں ظاہر کئے گئے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر چیئرمین عمران خان کے جلسے کے دوران کسی بھی قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر قانون پر عائد ہوگی ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق پی ٹی آئی اے رہنماؤں کا کہناہے کہ دسمبر 2014ء میں عمران خان کی فیصل آباد آمد کے موقع پر ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور اس وقت کے ڈی سی او نورالامین مینگل اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے تحریک انصاف کے کارکن حق نواز کو شہید اور بعض کارکنوں کو زخمی کیا گیا مگر اس مرتبہ ہم ان کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،20مئی کو تحریک انصاف کے جلسے میں کسی بھی قسم کی گڑ بڑ پھیلانے کی کوشش کی گئی تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی اور حالات کی خرابی کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت پر عائد ہوگی ۔