ایگزم بینک چائنہ نے33ارب سے زائد کے فنڈز پاکستان منتقل کر دیئے ،خواجہ احمد حسان

مختلف رکاوٹوں کے باعث تعمیراتی کاموں میں تاخیرسے یومیہ 6 سے 7کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے،عوام دوست منصوبے اورنج لائن سے بات چیت کے ذریعے 60 کروڑ ڈالرزکی بچت کی گئی،سینئر لیگی رہنما مسلم لیگ (ن)

بدھ 18 مئی 2016 09:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2016ء) سینئر مسلم لیگی رہنما خواجہ احمدحسان نے کہا ہے کہ ایگزم بینک چائنہ نے33ارب سے زائد کے فنڈز پاکستان میں منتقل کر دیئے جبکہ مختلف رکاوٹوں کے باعث تعمیراتی کاموں میں تاخیرسے یومیہ 6 سے 7کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے،عوام دوست منصوبے اورنج لائن سے بات چیت کے ذریعے 60 کروڑ ڈالرزکی بچت کی گئی۔نوے شاہراہ قائداعظم پر چیف انجینئرایل ڈی اے اسرارسعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ احمدحسان نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے کیخلاف مٹھی بھراشرافیہ نے اپنی دکانداری چمکانے کیلئے بے جا منفی پروپیگنڈا کیا لیکن پاکستان اورچین کی دوستی کے باعث برادر ملک چین نے کسی منفی پروپیگنڈے پر کان نہیں دھر ے اورایگزم بینک نے قرض کی پہلی قسط ریلیزکردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائینہ کے تعاون سے ہی عالمی نوعیت کے منصوبے کا 60 فیصد سول ورکس پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں کودیاگیاجس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، یہی وہ منصوبہ ہے جو پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں کی صلاحیت کوبڑھانے میں معاون ثابت ہواہے،ایسے منصوبوں پرکام کرنے والے پاکستانی انجینئرزکو پہلے بیرون ملک جاناپڑتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن لاہور کا نہیں بلکہ پاکستان کامنصوبہ ہے جس سے کاکام بنانیوالوں کومنہ کی کھانا پڑی ہے۔

اللہ تعالیٰ نے پہنچاہا تو 2017کے آخریا 2018 کے آغازپر یہ منصوبہ مکمل ہوجائیگا جس سے اڑھائی سے تین لاکھ مسافر روزانہ مستفید ہونگے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بینک سے لیا گیا قرضہ واپس کیا جارہا ہے جبکہ سود کی مد میں دی جانیوالی رقم پاکستان سے باہرنہیں جائے گی بلکہ اپنے ہی بینک کے پاس رہے گی۔