ملکی معیشت میں مالیاتی شعبہ بالخصوص بینکنگ سیکٹرکو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، اشرف محمود وتھرا

اس شعبے کی کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کاکردگی بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے بینکنگ انڈسٹری ملک میں مالیاتی خدمات کادائرہ وسیع کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے ہر سال دیہی اور شہری علاقوں میں بینکوں کی 800نئی شاخیں قائم کی جارہی ہیں بینکاری مصنوعات بشمول ایس ایم ایس بینکنگ، موبائل بینکنگ اور انٹرنیٹ بینکنگ ملک میں مالیاتی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں،گورنرسٹیٹ بینک کا پہلے بینکنگ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب

پیر 16 مئی 2016 10:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2016ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی معیشت میں مالیاتی شعبہ بالخصوص بینکنگ سیکٹرکو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور اس شعبے کی کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کاکردگی بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے۔ بینکنگ انڈسٹری ملک میں مالیاتی خدمات کادائرہ وسیع کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور ہر سال دیہی اور شہری علاقوں میں بینکوں کی 800نئی شاخیں قائم کی جارہی ہیں۔

بینکاری مصنوعات بشمول ایس ایم ایس بینکنگ، موبائل بینکنگ اور انٹرنیٹ بینکنگ ملک میں مالیاتی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ بات انہوں پاکستان کے پہلے بینکنگ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے پہلے بینکاری ایوارڈ کا انعقاد انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان نے ڈان میڈیا گروپ اور اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی کے اشتراک سے کیا جو پی ڈبلیو سی گلوبل نیٹ ورک کی رکن ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایوارڈز کا انعقاد بینکنگ سیکٹر کے ملکی ترقی میں کردار کا اعتراف ہے۔ ایوارڈ کے لیے منتخب کٹیگریز اسٹیٹ بینک کے مالیاتی خدمات کے پھیلاؤ اور عوام کو مالیاتی سہولتوں کی فراہمی کے ویژن سے مطابقت رکھتی ہیں جن میں ایس ایم ایز، مائکروفنانس، کارپوریٹ فنانس اینڈ کپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ، کسٹمرفرنچائزز، سی ایس آر اور سب سے اہم اسلامی بینکنگ شامل ہیں۔

ایوارڈ میں28بینکوں نے حصہ لیا جن میں سے 8بینکوں نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مختلف کٹیگریز میں ایوارڈز حاصل کیے ۔ ایوارڈز کے لیے بینکوں کی موجودہ اور پچھلے وقتوں میں کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے فرائض غیرجانبدار اور معروف شخصیات پر مشتمل ایک جیوری نے انجام دیے۔ایوارڈز کی تقریب سے خطاب میں اے ایف فرگوسن کے پارٹنر شبر زیدی نے کہا کہ ان اداروں کی کارکردگی کا اعتراف اور پذیرائی ہے جو پاکستان کی قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ موثر منتظمیت کی مثال ہیں۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقدہ ایوارڈز کے لیے منتخب جیوری میں انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس کے سی ای او اور صدر فواد عظیم ہاشمی، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی چیئرپرسن نرگس گھلو، سابق بینکاری محتسب اظہر حمید، اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر سلیم رضا، سابق ریجنل ہینڈ سٹی بینک مڈل ایسٹ اینڈ پاکستان شہزاد نقوی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیوری کوایوارڈز کے لیے ایک مشکل ٹاسک سونپا گیا جو جیوری نے بہت محنت اور پوری دیانتداری کے ساتھ پورا کیا ۔

ایوارڈ کے موقع پر خطبہء استقبالیہ میں حمید ہارون نے کہا کہ پاکستان کی بینکنگ انڈسٹری میں پائی جانے والی صلاحیتوں کے اعتراف کے لیے منعقدہ ایوارڈز میں شمولیت ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ اس شعبے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قیام پاکستان کے فوری بعد قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی بینکاری کے شعبے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ بینکاری ایوارڈ ملکی ترقی میں بینکنگ انڈسٹری کے کردار کو اجاگر کرنے کے ساتھ خود بینکنگ انڈسٹری کی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

جیوری کے سربراہ سابق بینکنگ محتسب اظہر حمید نے کہا کہ جیوری میں شمولیت میرے لیے ایک اعزاز ہے۔ بینکوں کی کارکردگی سے متعلق اعدادوشمار کا کیفیاتی تجزیہ ایک مشکل کام تھا۔ مالیاتی شعبہ بالخصوص بینکنگ انڈسٹری ڈیجیٹائزیشن کی وجہ سے تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔ اگرچہ عالمی کساد بازاری اور مالیاتی بحران کے پاکستان پر بھی اثرات مرتب ہوئے تاہم پاکستان کے بینکرز نے اس چیلنج کا بخوبی مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بینکو ں پر زور دیا کہ ریگولیٹر پر انحصار کرنے کے بجائے ترقی کے لیے اپنی حکمت عملی پر بھروسہ کریں۔پاکستان کے پہلے بینکاری ایوارڈ کے لیے 8کٹیگریز میں نامزدگیاں کی گئی تھیں۔ یونائیٹڈ بینک نے بہترین بینک کی کٹیگری کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ تعمیر مائکرو فنانس بینک نے بینکاری سے محروم طبقے تک مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے مختص بینک دی ا ن بینکڈ اور بہترین مائکروفنانس بینک کی کٹیگریز میں 2ایوارڈز حاصل کیے۔

میزان بینک نے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ایچ بی ایل نے ایس ایم ایز اینڈ ایگری کلچر کے لیے بہترین بینک کا ایوارڈ جیتا جبکہ ایم سی بی بینک نے ماحول کے تحفظ ، سماجی ذمہ داریوں کی احسن ادائیگی اور بہترین گورننس کے لیے مقرر کردہ کٹیگری بیسٹ اینوائرمنٹ ، سوشل اینڈ گورننس کٹیگری کا ایوارڈ اپنے نام کیا ۔ بینک الفلاح نے بہترین کسٹمر فرنچائز ایوارڈ حاصل کیا۔

تقریب کے آخر میں انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو حسین لوائی نے تقریب کے شرکاء اور جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بینکنگ ایوارڈ2016 ایک ایسا ایوارڈ ہے جس کی منتظمین اور پوری مالیاتی انڈسٹری بہت پہلے سے ضرورت محسوس کررہی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈکے انعقاد کا پورا سفر بہت دلچسپ رہا جس میں ہمیں ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس سنگ میل کو کامیابی کے ساتھ طے کرنے پر ڈان میڈیا گروپ، اے ایف فرگوسن اور بالخصوص گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا کو تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔انہوں نے مالیاتی شعبے کی بہتری کے لیے ایوارڈ کی جیوری کے اراکین کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کے سلسلے میں منتخب معزز جیوری کی شراکت ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ایوارڈز میں پاکستان کی بینکنگ انڈسٹری کا بھی بھرپور رسپانس بھی بے حد معاون رہا ۔ انہوں نے ایوارڈز کے انعقاد میں شریک تمام افراد اور تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :