فوج کی زیر نگرانی کاکول اکیڈمی میں قومی کرکٹ ٹیم کی فٹنس ٹریننگ شروع

انجریز کے باعث محمد حفیظ اور یاسر شاہ کیمپ سے باہر ہوگے ، کپتان مصباح الحق بیماری کے باعث فٹنس ٹیسٹ نہ دے سکے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ 35کھلاڑیوں میں سے 30 نے کیمپ میں رپورٹ کردی، یاسر شاہ پاوٴں میں تکلیف کے سبب رپورٹ نہیں کر سکے ، انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، ترجمان پی سی بی تربیتی کیمپ 28 مئی تک جاری رہے گا،کچھ دن بعد قومی ٹیم طویل دورے کیلئے انگلینڈ روانہ ہو جائے گی ، چار ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی

اتوار 15 مئی 2016 10:25

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2016ء) دورہ انگلینڈ کی تیاریوں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں فٹنس بہتر بنانے کیلئے کاکول کی ملٹری اکیڈمی میں فوج کی زیر نگرانی قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز ہو گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جولائی میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے قائم فٹنس کیمپ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جس میں سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لیے گئے جہاں اس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی مستعدی کا جائزہ لینا اور فٹنس کو بین الاقوامی سطح کے معیار کے مطابق لانا تھا۔

اس فٹنس کیمپ کے بع سے کاکول کی ملٹری اکیڈمی میں 15 روزہ تربیتی کیمپ کا آغاز ہو گیا ہے جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے پاک فوج کی مدد لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کی کاکول اکیڈمی میں لگائے اس بوٹ کیمپ میں قومی ٹیم کے کوچز اور ٹرینرز کے ساتھ ساتھ فوج کے تربیت کار بھی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے پر کام کریں گے۔پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر بیمار ہو گئے تھے اور اسی وجہ سے فٹنس کیمپ میں ٹیسٹ نہیں دے سکے تھے، ان کے فٹنس ٹیسٹ بوٹ کیمپ میں ہی لیے جائیں گے۔

فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کی زیر نگرانی کھلاڑی روزانہ جسمانی فٹنس کے تین سیشنز میں حصہ لیں گے جس میں ان کی معانت فوجی ٹرینرز کریں گے اور اس کیمپ کی نگرانی انضمام الحق کی زیر قیادت قائم نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔انجری کے سبب فٹنس ٹیسٹ میں شرکت نہ کرنے والے محمد حفیظ کی بھی بوٹ کیمپ میں شرکت کا امکان ہے۔ادھر پاکستان کو تربیتی کیمپ کے آغاز سے قبل ہی بڑا دھچکا لگا ہے اور لیگ اسپنر یاسر شاہ انجری کے سبب کیمپ میں شامل نہیں ہو سکے اور بورڈ نے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ 35کھلاڑیوں میں سے 30 نے کیمپ میں رپورٹ کیا لیکن یاسر شاہ پاوٴں میں تکلیف کے سبب کیمپ میں رپورٹ نہیں کر سکے اور پی سی بی نے انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔یہ تربیتی کیمپ 28 مئی تک جاری رہے گا اور پھر کچھ دن بعد قومی ٹیم طویل دورے کیلئے انگلینڈ روانہ ہو جائے گی جہاں وہ چار ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔