کاسا 1000 منصوبے کی افتتاحی تقریب میں بڑی غلطی ،نقشے میں کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھا دیا گیا

مجھے اس معاملے کا علم نہیں،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نقشہ دیکھ کر معاملہ اٹھایا تھا جس پر ہمیں بتایا گیا یہ نقشہ ”رف“ ہے آفیشل ڈاکومنٹس میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے،طارق فاطمی

ہفتہ 14 مئی 2016 10:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2016ء) کاسا 1000 منصوبے کی افتتاحی تقریب میں بڑی غلطی، نقشے میں کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھا دیا گیا۔ مشیر خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعے کا علم نہیں وزیراعظم معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ نقشہ دیکھ کر معاملہ اٹھایا تھا جس پر ہمیں بتایا گیا کہ یہ نقشہ ”رف“ ہے آفیشل ڈاکومنٹس میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کاسا 1000 منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطے کا جو نقشہ لگایا گیا اس میں پاکستان‘ ترکمانستان‘ افغانستان‘ چین اور بھارت کو دکھایا گیا اس میں پاکستان کے نقشے سے کشمیر اور گلگت بلتستان کو نکال کر بھارت میں دکھایا گیا ہے اس معاملے پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے اس معاملے کا علم نہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم افتتاحی تقریب میں پہنچے تو نقشہ دیکھا تھا اور اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور میں نے پوائنٹ آؤٹ کیا جس پر ہمیں بتایا گیا کہ یہ نقشہ ”رف“ ہے آفیشل ڈاکومنٹس جو تمام شرکاء کے پاس ہیں ان میں کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیں تسلی کرائی گئی انہوں نے کہا کہ میڈیا پر چلنے والی تصویر میں ”رف“ نقشہ جو وہاں آویزاں تھا وہ دکھایا گیا ہے کہ ڈاکومنٹس میں اصل نقشہ دکھایا گیا ہے وہ صحیح ہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سیخ رشید احمد نے کہا کہ شریف برادران کشمیری ہیں لیکن انہیں کشمیر کا پتہ نہیں افتتاحی تقریب میں غلط نقشہ لگایا گیا تو نواز شریف کی نہیں دفتر خارجہ کے عملے کی غلطی ہے انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ میں سفارشی عملہ تعینات ہے یہ سارے لوگ نااہل ہیں ‘ نکمے اور نکھٹو ہیں ان کا کام چاپلوسی اور سیاست کرنا ہے انہوں نے نقشہ تو دیکھا ہی نہیں۔