انگلش کھلاڑیوں جونی بیئراسٹو اور جو روٹ نے کاوٴنٹی چیمپیئن شپ کے میچ میں 372 رنز کی شراکت قائم کر کے سو سال سے زائد پرانا ریکارڈ توڑ دیا

بدھ 11 مئی 2016 10:04

لیڈز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء)یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے انگلش کھلاڑیوں جونی بیئراسٹو اور جو روٹ نے سرے کے خلاف کاوٴنٹی چیمپیئن شپ کے میچ میں 372 رنز کی شراکت قائم کر کے سو سال سے زائد پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔لیڈز میں کھیلے گئے اس میچ میں سرے کے 330 رنز کے جواب میں یارکشائر کی ٹیم 45 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن اس کے بعد روٹ اور بیئراسٹو نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

(جاری ہے)

ہیڈنگلے میں سری لنکا کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے پہلے میچ سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے بھرپور میچ پریکٹس کرتے ہوئے سری لنکن باوٴلنگ اٹیک کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔جونی بیئر اسٹو نے 198 جبکہ جو روٹ نے ناقابل شکست 190 رنز کی اننگ کھیلنے کے ساتھ ساتھ 372 رنز کی شراکت بھی قائم کر کے سرے کیخلاف یارکشائر کی سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔

اس سے قبل 1899 میں سرے کے خلاف یارکشائر کے جیورج ہرسٹ اور ٹیڈ وین رائٹ نے اوول پر 340 رنز بنا کر ریکارڈ بنایا تاہم یہ سو سال سے زیادہ پرانا ریکارڈ اب ٹوٹ گیا۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے 10 سال قبل ڈیرن لیمن اور ایلن لمب کی انب سے بنائے گئے اس گراوٴنڈ پر بہترین شراکت کے ریکارڈ کو بھی اپنے نام کر لیا، اس سے قبل آسٹریلین جوڑی نے 358 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔