’صادق خان کو امریکا آنے سے نہیں روکوں گا‘ ڈونلڈ ٹرمپ،صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش مسترد کر دی

بدھ 11 مئی 2016 10:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء) امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ، جنہوں نے امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا، نے کہا ہے کہ وہ لندن کے نومنتخب مسلم میئر صادق خان کو اس سے استثنیٰ دے سکتے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا صادق خان کے بیان کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہر چیز میں استثنیٰ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں صادق خان کے لندن کا میئر منتخب ہونے پر خوشی ہے، اور اگر وہ اپنے فرائض بخوبی نبھاتے ہیں تو یہ بہت بڑی بات ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال پیرس اور کیلی فورنیا شوٹنگ کے واقعے کے بعد مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کی تجویز دی تھی۔انہیں اس بیان پر مسلمانوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، ڈونلڈ ٹرمپ کے ہم جماعت حریفوں اور دیگر سیاسی رہنماوٴں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ ہوئے امریکی اقدار کے برخلاف قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھربرطانیہ کے دارالحکومت لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے وہ مستثنیٰ ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق صادق خان نے کہا منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ صرف میری حد تک نہیں ہے۔ یہ میرے دوست، خاندان اور دنیا بھر میں ان سب لوگوں کے بارے میں ہے جو مجھ سے ملتے جلتے پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔

صادق خان نے کہا کہ امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام کے بارے میں کم علمی پر مبنی خیالات ہم دونوں کے ممالک کو کم محفوظ بنا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے لندن کے نومنتخب میئر مستثنیٰ ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :