پانامہ پیپر لیکس کے بعد اب دوبئی پراپرٹی لیکس میں بھی کسی دینی رہنما اور مذہبی جماعت کا کو ئی نام نہیں ہے، لیاقت بلوچ

ملک کو سیکولر بنانے والے اب پوری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں حکمران اللہ کی پکڑ میں ہیں ۔اللہ کی طرف رجوع کریں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، دینی جماعتوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب

منگل 10 مئی 2016 09:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ الحمد للہ پانامہ پیپر لیکس کے بعد اب دوبئی پراپرٹی لیکس میں بھی کسی دینی رہنما اور مذہبی جماعت کا کو ئی نام نہیں ہے۔ ملک کو سیکولر بنانے والے اب پوری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں ۔ حکمران اللہ کی پکڑ میں ہیں ۔اللہ کی طرف رجوع کریں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی  بلڈنگ میں دینی جماعتوں کے رہنماؤں کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں 16 مئی کو آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقد ہونے والی نظام مصطفی ﷺ قومی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر مختلف کمیٹیوں کے سربراہوں نے تیاریوں کے حوالے سے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ثاقب اکبر  قاری عبدالخالق مولانا عبد الجلیل نقشبندی شمس الرحمان سواتی  زبیر فاروق خان راجہ جواد سید عزیر حامد رضا احمد شاہ کاشف چوہدری حمید رضوی  سیف اللہ خالد ہارون رشید عثمان آکاش رضا محمد چوہدری آصف خورشید ملک یعقو ب  ضیا اللہ چوہان  شاہد شمسی  ملک محمد اعظم  شیخ مسعود طارق رضا مجید عباسی انعام الحق اعوان  ضیا احمد اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ڈھٹائی کے ساتھ سیکولر اور لادین طبقات کی طرف سے اسلام علما کرام اور مساجد کا مذاق اُڑایا گیاہے ۔سیکولر اور مغرب زدہ عناصر کے مقابلے میں دینی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ۔اسلام  اسلامی شعائر اور اسلامی تہذیب و تمدن کے ساتھ ساتھ آئین میں شامل اسلامی دفعات کے تحفظ کا ہر سطح پر بھر پور دفاع کیا جائے گا۔ استعماری طا قتیں مختلف حیلوں بہانوں اور واقعات و حالات کا بہانہ اور جواز بنا کر اسلام  قرآن اور نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس کے حوالے سے حملہ آو ر ہونے کی کوشش کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام دینی قائدین نے یہ عہد کیا ہے کہ اسلامی نظریاتی تشخص پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جا ئے گی۔1973 ء کے دستور میں شامل اسلامی قوانین کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی ۔ختم نبوتﷺ اورناموس رسالت ﷺ کے قوانین میں کسی قسم کی ترمیم نہیں ہونے دی جائے گی ۔ سودی نظام اور کرپشن کی لعنت کے خاتمے کے لئے عوامی شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ حکمرانوں پر دباؤ کو بھی بڑھایا جائے گا۔

ان شا اللہ اپنے بے مثال اتحاد اور عوامی قوت سے تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کے بعد ملک کے صوبائی ہیڈ کوآرٹر ز پر بھی نظام مصطفی ﷺ قومی کانفرنسیں منعقدکی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ او آئی سی کے گزشتہ دنوں ہونے والے اجلاس نے بھی مایوس کیا ہے ۔ اس اجلاس میں فلسطین  کشمیر  شام  عراق  افغانستان اور دیگر مقامات پر امت مسلمہ کو درپیش سنگین معاملات پر کوئی واضح  ٹھوس اور قابل عمل لائحہ عمل نہیں دیا گیا۔عالم اسلام میں اتحاد پیدا کرنے اور انتشار کے خاتمے کے لئے کوئی منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی ہے ۔