حکومت پاناما لیکس سے متعلق اپوزیشن کے ٹی او آرز پر ٹال مٹول سے کام نہ لے،مولابخش چانڈیو

اپوزیشن سڑکوں پر آئی تو اس کی ذمے داری حکومت پر ہو گی یہ وقت کا فیصلہ ہے حکومت اپوزیشن کے ٹی او آرز پر عمل کرتے ہوئے صاف شفاف تحقیقات ہونے دے،حیدرآباد بائے پاس پر ہارس اینڈ کیٹل شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 09:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء) صوبائی مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ حکومت پاناما لیکس سے متعلق اپوزیشن کے ٹی او آرز پر ٹال مٹول سے کام نہ لے کیوں کہ اگر اپوزیشن سڑکوں پر آئی تو اس کی ذمے داری حکومت پر ہو گی،یہ وقت کا فیصلہ ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ٹی او آرز پر عمل کرتے ہوئے صاف شفاف تحقیقات ہونے ۔وہ حیدرآباد بائے پاس پر ہارس اینڈ کیٹل شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے کے بعد میڈیا سے باتیں کر رہے تھے ۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی پی پی اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے نظریاتی طور پر اختلاف کے باوجود بھی اپنے مفاد کے لیے نہیں بلکہ اس لیے ساتھ ہے کہ کرپشن کی صاف شفاف تحقیقات ہوں اور ملک میں جمہوریت چلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ہم نواز شریف کے دوست نہیں بلکہ جمہوریت کے دوست ہیں اور جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں اور ہم کسی بھی غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے انہوں نے کہا کہ پوزیشن کی زیادہ تر جماعتیں جمہوری نظام کو درہم برہم نہیں ہونے دینا چاہتی لیکن اگر حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا اور اپوزیشن کی بات نہیں مانی تو اس کی ذمے دار وہ خود ہو گی ۔

انہو ں نے کہا کہ پانا ما لیکس سے متعلق نواز شریف گھبراہٹ کا شکار ہیں اور ن لیگ کے لوگ عمران خان اور پی پی پی کے قائدین کیخلاف ذاتیات پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ن لیگ کے نزدیگ ملک کے تمام مسائل کا حل موٹر وے میں ہے جب کہ دوسری طرف لوگ بھوک اور مفلسی سے مر رہے ہیں اور انہیں علاج کی سہولیات بھی میسر نہیں ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگرچہ کرپشن ہمارے ہمارے ادارو ں کے لوگوں کی رگوں میں پہنچ چکی ہے تاہم جس کرپشن نے ملک کو ڈبونے کی کوشش کی اس کی تحقیقات ابھی باقی ہے ۔

انہوں نے ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ن لیگ سب سے زیادہ کرپشن کیخلاف شور کرتی تھی لیکن پاناما لیکس کے بعد معلوم ہوا کہ سب سے زیادہ گند تو ن لیگ نے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ایسے بتایا جیسے وہ اپنی جیب سے یہ منصوبے تعمیر کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کا سارا کریڈٹ نواز شریف خود لینا چاہتے ہیں حالانکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اس منصوبے کے لیے چین کے دورے کیے اور منصوبے کیلیے ماحول ساز گار کیا اور اس منصوبے میں ان کی بھی محنت شامل ہے ۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد پر محکمہ ثقافت ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ثقافتی سرگرمیوں اور صوفی ازم کو فروغ دیں ۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت شرمیلہ فاروقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ تقریب سے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز ، سیکریٹری کلچر شازیہ رضوی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نایاب چوپائے اونٹ ، گھوڑے ، گائے ، بیل اور دیگر اعلیٰ نسل کے جانوروں کی نمائش کی گئی ۔