قرض معاف کروانیوالے بھی اتنے ہی مجرم ہیں، جتنے پانامہ پیپرز میں نام آنیوالے ،خورشید شاہ

احتساب سب کا ہوگا نواز شریف پانامہ لیکس سے نہیں گھبراتے گو قوم کا سامنا کریں وزیراعظم پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اگر راہ فرار اختیار کرنا چاہیں تو ان کی مرضی ہے،اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

پیر 9 مئی 2016 10:03

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قرض معاف کروانے والے بھی اتنے ہی مجرم ہیں جتنے پانامہ پیپرز میں نام آنے والے ۔ احتساب سب کا ہوگا نواز شریف پانامہ لیکس سے نہیں گھبراتے گو قوم کا سامنا کریں۔ وزیراعظم پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اگر راہ فرار اختیار کرنا چاہیں تو ان کی مرضی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے وز سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے دن ہی کہہ چکا ہوں جس کا بھی نام پانامہ لیکس میں آیا ان سب کا احتساب صرور ہونا چاہیے۔ احتساب کے عمل سے ہر شخص کو گزرنا ہوگا۔ قرضے معاف کروانے والے بھی اتنے ہی مجرم ہیں جتنے پانامہ پیپرز میں نام آنے والے ہیں انہوں نے کہاکہ جس کا بھی نام آیا ہے یا آئے گا اس کی تحقیقات اور احساب ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

مجرموں کی کیٹیگری بنائیں گے کہ کون سے مجرم کا احتساب پہلے اور کس کا پیچھے ہوگا۔ نواز شریف کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پانامہ لیکس سے نہیں گھبراتے اور جو لوگ نہیں گھبراتے وہ قوم کا بہادری سے سامنا کرتے ہیں۔ وزیراعظم پارلیمنٹ کا حصہ ہوتا ہے اگر وزیراعظم اپنے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے ٹی او آرز پر مشاورت کیلئے رابطہ کیا تو بات چیت ضرور کرین گے مسائل کے حل کیلئے بات چیت کرنا جمہوریت کا حسن ہے۔ حکومت سے پوچھیں گے اپوزیشن کے ٹی او آر میں کیا کمی ہے۔