شعبان کا چاند نظرنہیں آیا،پیر9مئی کو یکم شعبان اور شبِ برأت 22مئی کوہوگی ، مفتی منیب الرحمن

اتوار 8 مئی 2016 10:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8مئی۔2016ء)مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتیٴ اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ شعبان المعظم 1437ئھ کا چاند نظرنہیں آیا، یکم شعبان بروز پیر 9مئی کو ہوگی اور شبِ برأت اتوار22مئی ( اتواراور پیر کی درمیانی شب)کو ہوگی۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات (میٹ کمپلیکس)، موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مرکزی کمیٹی سے علامہ عبداللہ غازی ،سید شاہد علی جیلانی چیف اسپیس منیجر سپارکو غلام مرتضیٰ اور زونل کمیٹی سے قاری نذیر احمدنعیمی، مولانا صابر نورانی، مولانا اسددیو بندی ، حافظ محمد سلفی ،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

فنی معاونت کے لئے ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہٴ موسمیات عبدالرشید نے شرکت کی ۔

ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔پاکستان بھر میں کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ،جامعة الرشید کے شعبہٴ فلکیات اور محکمہٴ موسمیات کے تمام مراکز سے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ موصول ہوئی ہے ، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم شعبان1437ئھ پیر 9 مئی کو ہوگی اور شبِ برأت اتوار22مئی ( اتواراور پیر کی درمیانی شب) کو ہوگی ۔

رجب المرجب کا مہینہ30دن کا ہوگا ،یکم شعبان کو چاند نسبتاً بڑا دکھائی دے گا اور دیر تک مطلع پر رہے گا ،لہٰذا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔اتفاقِ رائے سے یہ قرار داد بھی منظورکی گئی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آتش بازی کے سامان کی تیاری ،اس کے اسٹاک رکھنے اور فروخت کرنے کی ممانعت کے قانون پر لفظاً ومعنیً عمل کرائیں اور اس کی پوری نگرانی کی جائے اور موجودہ حساس حالات میں اس پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔