داعش کے باعث’یورو‘ کے500 مالیت کے کرنسی نوٹ بند

بڑی مالیت کے کرنسی نوٹ دہشت گردوں کو رقوم کی منتقلی میں معاون

جمعہ 6 مئی 2016 09:42

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2016ء) یورپ کے مرکزی بنک نے یورپی شہریوں کے لیے چونکا دینے والی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنک کرنسی نوٹوں کے غیرقانونی اور دہشت گردی کے مقاصد میں استعمال کی روک تھام کے لیے یورو کے پانچ سو مالیت کے نوٹوں کا اجراء مکمل طور پر بند کررہا ہے۔ یوں یورپی شہریوں کو پانچ سو مالیت کے یورو کے نوٹوں سے محروم ہونا پڑے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینٹرل بنک کی جانب سے جاری کردہ بیان کہا گیا ہے کہ مانیٹری انسٹیٹیوشن کونسل کی جانب سے پانچ سو یورو مالیت کے کرنسی نوٹ مزید نہ چھاپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم پہلے سے موجود کرنسی نوٹوں کے ذریعے لین دین کیا جاسکے گا۔اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے کچھ عرصہ پیشتر ”یورو 500 جرم“ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پانچ سو یورو مالیت کے کرنسی نوٹ دہشت گردوں کو رقوم می منتقلی میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گرد ان نوٹوں کی بھاری قیمت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں میں زیادہ تر اپنا لین دین کرتے ہیں۔صرف پانچ سو یورو مالیت ہی نہیں بلکہ اگلے مرحلے میں 200 مالیت کے یورو کے کرنسی نوٹوں کے اجراء پر پابندی کی ایک تجویز بھی زیرغور ہے۔ یورپی سینٹرل بنک کی داخلہ کمیٹی کے ہاں زیرغور اس تجویز پر بھی جلد از جلد عمل درآمد کا امکان ہے۔یورپی منڈی میں پانچ سو مالیت کے یورو کے نوٹوں کیاستعمال کو قانونی طور پر ممنوع قرار نہیں دیا گیا اور نہ ہی شہریوں سے اپنے پاس موجود اس مالیت کے نوٹ جمع کرانے کوکہا گیا ہے۔ شہری چند سال تک ان نوٹوں کو استعمال کرسکتے ہیں تاہم اس مالیت کے مزید کرنسی نوٹ نہیں چھاپے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :