پشاور، صوبائی ایپکس کمیٹی کا 45 واں ایپکس کمیٹی کا اجلاس

خیبرپختونخوا اورفاٹا میں امن وامان کی صورتحال، ٹی ڈی پیز کی واپسی ، دہشت گرد ی کے خاتمہ کیلئے متفقہ نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ غیرقانونی سمز کی بندش اور اس کے ذریعے اغوابرائے تاوان اوردیگرجرائم کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات پر بھی غور آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی کے عمل کو مزید تیزکرنے پر زوردیا گیا پاکستان کی حفاظت ہمارا فرض اس کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا، دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم متحدہے،گورنرخیبرپختونخوا

جمعہ 6 مئی 2016 09:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کی زیرصدار ت صوبائی ایپکس کمیٹی کا 45واں اجلاس جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہوا۔ اس اہم اجلاس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان ، چیف سیکرٹری امجد علی خان اورآئی جی پولیس ناصر درانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹامحمداسلم کمبوہ ،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرسکندرقیوم، سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور میجرجنرل مظہرشاہین محمود، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری لیاقت علی خان سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا اورفاٹا میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور ٹی ڈی پیز کی واپسی سے متعلق امور کے ساتھ ساتھ دہشت گرد ی کے خاتمہ کیلئے متفقہ مرتب کئے جانیوالے نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور اس پرعملدرآمد اور مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے مربوط حکمت اوراقدامات پر غورکیاگیا۔

(جاری ہے)

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پرعملدرآمدکابھی جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں غیرقانونی سمز کی بندش اور اس کے ذریعے اغوابرائے تاوان اوردیگرجرائم کے خاتمے کیلئے مزید اقدامات پر غورکیاگیا اور صوبے اورفاٹامیں ہنڈی ،حوالہ اورکرنسی کے غیرقانونی لین دین کے خاتمے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پرپیش رفت کابھی جائزہ لیاگیا۔ اس اہم اجلاس کے شرکاء کو فاٹامیں ٹی ڈی پیز کی اپنے گھروں کوواپسی کیلئے اب تک اٹھائے جانیوالے اقدامات پرتفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ایپکس کمیٹی نے باعزت واپسی کے عمل کو مزید تیزکرنے پر زوردیا۔

ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدکاجائزہ لیتے ہوئے اطمینان کااظہارکیااوربعض ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں گورنرانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے اجلاس کے شرکا ء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی حفاظت ہمارا فرض ہے اور جس کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ دہشت گردوں اور امن دشمنوں کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم متحدہے۔

تمام ادارے اورپوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اورعوام کی قربانیاں کورائیگانہیں جانے دیاجائیگا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ڈی پیز کی باعزت اور جلد واپسی اور ان کی بحالی وتعمیرنو کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :