امریکی صدارتی امیدوار جان کسیک ریپبلیکن صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبردار

جمعرات 5 مئی 2016 09:43

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2016ء ) امریکی ریاست اوہائیو کے گورنر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار جان کیسک نے صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ پارٹی کی نامزدگی کے واحد امیدوار رہ گئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں ابتدائی طور پر 17 امیدوار نومبر کے قومی انتخابات میں پارٹی کی نامزدگی کے خواہاں تھے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق 63 سالہ کسیک اپنے آپ کو ریپبلیکن پارٹی کے معتدل امیدوار کے طور پر سامنے لائے تاہم حکومت پر ریپبلیکن ووٹروں کی برہمی کے باعث جان کسیک کو بہت کم پذیرائی ملی۔ جان کسیک نے پارٹی کی جانب سے 40 ریاستوں میں منعقدہ نامزدگی کے مقابلوں میں شرکت کی لیکن وہ صرف ایک ہی بار جیت سکے۔ رپورٹ کے مطابق جان کسیک (آج)جمعرات کو اوہائیو کے دارالحکومت کولمبس میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے تاہم اْن کے مشیروں نے ذرائع ابلاغ کے اداروں کو پہلے ہی بتا دیا ہے کہ وہ صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبردار ہوجائیں گے۔