پی ایس ایل کی فرنچائزز کی فروخت سے 9.3ملین ڈالر ملے،بورڈ آف گورنر نے چھٹی ٹیم شامل کرنے کی اجازت دیدی ہے،نجم سیٹھی

بدھ 4 مئی 2016 10:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2016ء ) پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کا میچ پنجاب یا سندھ میں کروادیا جائے لیکن اس کے لئے سیکورٹی کی صورتحال اور حکومت کی اجازت کی ضرورت ہے ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سٹیھی نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد ہم نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی دعوت دی تھی اور اس پر معاملات طے پارہے تھے کہ گلشن اقبال میں ہونے والے بم دھماکہ کی وجہ سے ویسٹ انڈیز نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی ۔

نجم سٹیھی نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے پی سی بی کو مالی فائدہ اور کرکٹ میں بہتری کا فائدہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے انعقاد سے پہلے ہمارا تخمینہ تھا کہ پی ایس ایل کی فرنچائز کو فروخت کرکے 6ملین ڈالر حاصل کریں گے لیکن ہمیں فرنچائز کی فروخت سے 9.3ملین ڈالر ملے ۔سینٹرل پول اور اسپانسر شپ سے ساڑھے سات ملین ڈالر ملنے کا اندازہ تھا لیکن ہمیں چھ ملین ڈالر ملے ۔

پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ میں اپنے منافع کا اندازہ تین لاکھ ڈالر لگایا تھا لیکن پی سی بی کو 2.6ملین ڈالر منافع ملا ۔بورڈ آف گورنر نے فیصلہ کیا ہے کہ پی سی بی اپنے منافع سے فرنچائز کا نقصان پورا کرے گی اور جس سے دو ملین ڈالر فرنچائز کو دیدیئے جائیں گے اور پی سی بی پھر بھی پوائنٹ چھ ملین ڈالر کا منافع ہوا جوکہ تخمینہ سے بہت زیادہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پی سی بی آئندہ سال پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم شامل کرنا چاہتا ہے لیکن معاہد ہ کے مطابق 2018تک نئی ٹیم شامل نہیں کی جاسکتی اور بورڈ آف گورنر نے فرنچائز کے ساتھ بات چیت کرکے ہمیں چھٹی ٹیم شامل کرنے کی اجازت دیدی ہے اور امید ہے کہ فرنچائز کو منانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔فرنچائز ٹیموں کی قیمت میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔نجم سیٹھی نے کہاکہ پی ایس ایل کو لیمیٹڈ کمپنی بنایا جائے گا اور اس کا منافع کرکٹ پر خر چ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کپ کا تجربہ کامیاب رہا ۔ڈومیسٹک کرکٹ میں ہمیشہ پی سی بی پیسہ خرچ کرتا ہے لیکن پاکستان کپ سے پہلی دفعہ تھوڑے بہت پیسے ملے ہیں ۔اگلے سال پاکستان کپ کی کوریج کے لئے پی ٹی وی سے بھی پیسہ حاصل کریں گے ۔