تحریک انصاف کا فیصل آباد جلسہ،مقامی تنظیم کا شاہ محمود قریشی ،نامزد کارکن کی زیر نگرانی کام کرنے سے انکار

خرم منظور نہ صرف نااہل ہے بلکہ ذاتی نمود ونمائش کا شائق ہے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے چوہدری اعجاز کی زیر نگرانی کمیٹی تشکیل دیں،عمران خان کو خط

بدھ 4 مئی 2016 09:38

اسلا آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2016ء) تحریک انصاف کے آٹھ مئی کو فیصل آباد میں ہونیوالے جلسے کے انعقاد پر مقامی پارٹی تنظیم شاہ محمود قریشی اور اس کے نامزد کارکن کی زیر نگرانی کام کرنے سے انکار کردیا ہے اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام خط میں اپیل کی ہے کہ شاہ محمود قریشی کا نامزد کردہ خرم منظور نہ صرف نااہل ہے بلکہ ذاتی نمود ونمائش کا شائق ہے پارٹی کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے عمران خان چوہدری اعجاز کی زیر نگرانی کمیٹی تشکیل دیں ۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی معلومات کے مطابق فیصل آباد تحریک انصاف کے مقامی چالیس کے لگ بھگ رہنماؤں نے عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے نامزد کردہ خرم شہزاد کو ہٹا کر فوری طورپر ایک نئی کمیٹی تشکیل دی جائے جو آٹھ مئی کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کرے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یکم مئی لاہور کے جلسہ کے بعد عمران خان نے اعجاز چوہدری کو فیصل آباد کے جلسے کے انعقاد کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں لیکن شاہ محمود قریشی نے اصرار کیا کہ وہ اس جلسے کو زیادہ کامیاب بنا سکتے ہیں اور جلسے کے انتظامات کی ذمہ داریاں مقامی رہنما خرم شہزاد کے سپرد کریں اکتالیس رہنماؤں کی طرف سے شاہ محمود قریشی کے فیصلے کیخلاف بغاوت کردی گئی ہے اور عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ خرم شہزاد نہ صرف اس قابلیت کا حامل نہیں ہے کہ وہ اتنے بڑے جلسے کے انتظامات کی نگرانی کرسکے بلکہ وہ ہمیشہ پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کرکے اپنی نمائش کرنے اور سولو فلائٹ کا شوقین ہے اس لئے چیئرمین تحریک انصاف پانچ ، سات بندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیں جس کی سربراہی چوہدری اعجاز کے سپرد کریں تاکہ پوری پارٹی مل کر کام کرسکے پارٹی کارکنوں کی بغاوت سے شاہ محمود قریشی کیلئے سبکی ہوئی ہے واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی سے بھی مل چکے ہیں اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کیلئے گارنٹر مانگ چکے ہیں