مغربی افریقی ساحل پر واقع خلیجِ گنی جہاز رانوں کے لیے دنیا کا سب سے خطرناک خطہ بن گئی

بدھ 4 مئی 2016 10:25

گنی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2016ء) مغربی افریقی ساحل پر واقع خلیجِ گنی جہاز رانوں کے لیے دنیا کا سب سے خطرناک خطہ بن گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس علاقے میں بحری قزاقوں کے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان حملوں میں برتا جانے والا تشدد بھی بڑھ گیا ہے۔یہ رپورٹ امریکی ادارے ’اوشیئنز بیانڈ پائریسی‘ (قزاقی سے پاک سمندر) نے جاری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قزاقوں نے اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ اس سے قبل ان کی زیادہ تر توجہ آئل ٹینکروں پر ہوا کرتی تھی، لیکن تیل کی قیمتیں گرنے کی وجہ سے انھوں نے دوسرے طریقے تلاش کرنا شروع کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نائجر ڈیلٹا میں اس سال اب تک اغوا کے کم از کم 16 واقعات پیش آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

قزاق اب زیادہ پرتشدد ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور وہ اکثر اوقات جہاز پر سوار ہونے سے قبل جہاز پر فائرنگ شروع کر دیتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قزاقوں کے علاقہ واردات میں بھی توسیع ہو رہی ہے اور وہ 50 سے لے کر 100 ناٹیکل میلوں تک کارروائیاں کر رہے ہیں۔اس سے قبل صومالیہ کے بحری قزاقوں نے افریقہ کے مشرقی ساحل پر خاصی تباہی مچائی تھی لیکن ایک بین الاقوامی بحریہ کے وجود میں آنے کے بعد ان کی کارروائیوں میں بڑی حد تک کمی واقع ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ سنہ 2015 میں صومالی قزاق کوئی بھی بحری جہاز ہائی جیک کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :