آرمی چیف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کے ڈیتھ وارنٹس پر دستخط کر دیئے

فاٹامیں آپریشن تقریباًمکمل ہوچکا،کومبنگ آپریشن ضرب عضب کاحصہ ہے ،عاصم سلیم باجوہ ،پورے ملک سے نوگوایریازختم کریں گے، انکوائری مکمل ہونے پر6افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر کا نجی ٹی وی انٹرویو

بدھ 4 مئی 2016 10:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کے پروانے پر دستخط کر دیئے دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں نے پھانسی کی سزائیں سنائی تھیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ترجمان کے مطابق منگل کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی سزا پانے والوں میں محمد عمر ، حمید اللہ ، رحمت الہ ، محمد نبی ، بلاول شاہ ، دلبر خان ، رضوان اللہ ، گل الرحمان ، محمد ابراہیم ، سردار علی اور محمد جواد شامل ہیں ترجمان نے بتایا کہ سزا پانے والے دہشت گرد قتل ، اغواء برائے تاوان مسلح افواج پر حملوں تعلیمی اداروں اور مواصلاتی نظام تباہ کرنے میں ملوث تھے ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ان دہشتگردوں کو جرم ثابت ہونے پر ملٹری کورٹ نے سزا سنائی تھی دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان کے سرگرم کارندے تھے ۔

(جاری ہے)

ادھرڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ فاٹامیں آپریشن تقریباًمکمل ہوچکا،کومبنگ آپریشن ضرب عضب کاحصہ ہے ،پورے ملک سے نوگوایریازختم کریں گے انکوائری مکمل ہونے پر6افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔نجی ٹی وی کوانٹرویومیں انہوں نے کہاکہ 11ملٹری کورٹس کام کررہی ہے ،207کیسزمیں سے 88فیصدہوچکا،کوئی بھی فیصلہ عجلت میں نہیں ہورہا،بہت سے کیسزکافیصلہ آنے والاہے ،انٹیلی جنس کی بنیادپر18ہزارآپریشن ہوچکے ہیں ،فاٹامیں آپریشن تقریباًمکمل ہوچکاہے ۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں اوران کے سہولت کاروں کوگرفتاربھی کیاگیاہے ۔اس سال کے آخرتک لوگ واپس چلے جائیں گے 54فیصدآئی ڈی پیزکی واپسی ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چھوٹوگینگ کاعلاقہ7سال سے نوگوایریاتھا،علاقہ کلئیر ہے لوگوں کوریلیف ملاہے ۔چھوٹوگینگ سے تفتیش جاری ہے ،نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں ،نوگوایریاختم کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے 6افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ،افسران کوایک ہی کیس میں سزاہوئی ہے ،کرپشن میں ملوث افرادکونوکری سے برخاست کیاگیا،انکوائری مکمل ہونے پرسزادی گئی ،انصاف کے فیصلے کوپاک فوج کے اندرہی سراہاگیاہے ،پوری قوم کوپاک فوج پرفخرہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن جلد شروع کیا جائے گا۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن ضرب عضب کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کومبنگ آپریشن کے دوران مسلح افواج نام نہاد ”نو گو ایریاز“ کا خاتمہ یقینی بنائیں گی اور انہیں دہشت گردوں سے کلیئر کرانے کے بعد مقامی پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 25میل کا علاقہ پہلے ہی چھوٹو گینگ سے کلیئر کروا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ گزشتہ سات سال سے پولیس کیلئے بھی ناقابل رسائی بن گیا تھا۔ چھوٹو گینگ سے کئی دنوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں پہلے ہی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 18 ہزار آپریشن کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پانچ سو اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ارد گرد کے ماحول سے باخبر رہیں اور مشتبہ افراد کی نشاندہی کریں۔