الیکشن کمیشن،اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے دائر ریفرنس پر فیصلہ 9 مئی تک ملتوی

خان صاحب اپنے لوگوں کوبچانے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زورلگاررہے ہیں،جہانگیر ترین کی دیگر ممالک میں بھی جائیدادیں ہیں خود قوم کو بتا دیں نہیں تو ہم بتائیں گے، عمرا ن نے زرداری اور ق لیگ سے دوستی کس شرط پرکی اس کا جواب دیں ،طلال چوہدری، مریم اورنگزیب میڈیا سے گفتگو

منگل 3 مئی 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مئی۔2016ء) الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے دائر ریفرنس پر فیصلہ 9 مئی تک کے لئے ملتوی کردیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامے جمع کرانے کے معاملے کے خلاف قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے دائر ریفرنس پرفیصلہ سنایا جانا تھا تاہم الیکشن کمیشن کے ارکان کی عدم دستیابی کی وجہ سے فیصلہ 9 مئی تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں طلال چوہدری اور مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چےئرمین تحریک انصاف عمران خا ن جس کو بلورانی کہتے تھے جب سے وہ بلوعمرانی ہوئی ہے واہ واہ ہورہی ہے،خان صاحب اپنے لوگوں کوبچانے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زورلگاررہے ہیں، جہانگیرترین نے قرضے کیوں معاف کرائے،وہ اتنے امیر کیسے بن گئے ،وزیر اعظم نواز شریف کے والد صاحب کی قیام پاکستان سے پہلے ملیں تھیں لیکن ایک سرکاری ملازم کا بیٹا موٹر سائیکل سے جہاز تک کیسے پہنچ گیا ؟ قوم کو جواب دیں،جہانگیر ترین کی دیگر ممالک میں بھی جائیدادیں ہیں خود قوم کو بتا دیں نہیں تو ہم بتائیں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یوم مزدور کو منانے کی بجائے یوم امیر منایا،خان صاحب نے آصف زرداری سے دوستی کس شرط پرکی؟،اس بات کاجواب دیں، اور جنہیں کہتے تھے کہ (ق) لیگ والے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، ان سے ہاتھ کس شرط پرملایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز پر جتن اکام کرلیں لیکن قرضہ معاف کرانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے اتحاد بناوٴ اورچوری بچاوٴ نہیں چلنے دیں گے،الیکشن کمیشن اپنا فیصلہ سنا کر پی ٹی آئی کی جعلسازی کو جلد بے نقاب کرے گا،عمران خان کو آئندہ الیکشن میں شکست کا خوف پیدا ہو چکا ہے اس لیے وہ سڑکوں پر آ کر وایلا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے مقابلے کے لیے ان جیسا دماغ چاہیے ۔