ہیڈ کوچ کا فیصلہ اگلے ہفتے کرلیا جائیگا ،سلمان بٹ اور محمد عامر کے ویزے مسترد ہوئے تو حکومت سے رابطہ کریں گے ،چیئر مین پی سی بی

پیر 2 مئی 2016 10:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2016ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیر مین شہریار خان نے کہا ہے کہ سلمان بٹ اور محمد عامر کے ویزے اگر مسترد کئے گئے تو حکومت سے رابطہ کریں گے ،ہیڈ کوچ کا فیصلہ اگلے ہفتے کرلیا جائیگا ۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آبا دمیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور سلمان بٹ کو ویزہ نہ ملنے کے حوالے سے معاملہ میرے نوٹس میں آیا ہے اور اگر ان کا ویزہ ریجیکٹ کیا جاتا ہے تو حکومت سے رابطہ کرنے بارے غور کریں گے، قبل از وقت کچھ نہیں کہہ سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ ویسٹ انڈیز ایک میچ کھیلنے پر راضی ہوا ہے جس کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے حوالے سے منگل کے روز ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں غور کیا جائیگا جس کے بعد چند روز میں نئے ہیڈ کوچ کا اعلان کردیا جائیگا ۔انہوں نے مزید کہا قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ایبٹ آباد میں لگائے جانے پر غور ہورہا ہے کیونکہ ایبٹ آباد کی کنڈیشنز انگلینڈ سے مطابقت رکھتی ہیں ۔انہوں نے فیصل آباد میں پاکستان کپ کے انعقاد کو کامیاب قرار دیا ۔انہوں نے کہا کے ملتان میں ایونٹ کے انعقاد کو ملتوی کرنے کے بعد انتہائی قلیل وقت میں پاکستان کپ کا انعقاد قابل تحسین ہے ۔