پشاور، مشتاق احمد غنی کا سترہ سالہ لڑکی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم

پیر 2 مئی 2016 10:05

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے مکول پائیں میں سترہ سالہ لڑکی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا اتوار کے روز تھانہ ڈونگاگلی کی حدود میں واقع مکول پائیں میں سوزوکی گاڑی میں باندھ کرزندہ جلائی جانیوالی سترہ سالہ لڑکی عنبرین کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔

اور ان کوبتایاکہ وزیراعلیٰ کے حکم پر میں آپ کے پاس آیاہوں۔ ان شاء اللہ اڑتالیس گھنٹوں کے اندر اندر درندہ صفت قاتلوں کو گرفتار کیاجائے گا۔ یہ قتل کیس ہزارہ پولیس کیلئے ایک چیلنج ہے۔اراکین اسمبلی کی آمد کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی بہت بڑی تعداد اس موقع پرموجود تھی۔اس موقع پر جن سوزوکی گاڑیوں میں عنبرین کو زندہ جلایاگیا۔

(جاری ہے)

ان کے مالکان نے بھی اراکین اسمبلی سے ملاقات کی۔

مشتاق غنی نے کہاکہ مجھے معلوم ہے کہ آپ سب غریب لوگ ہیں۔ اور آتشزدگی کے بعد ان گاڑیوں میں کچھ نہیں رہا۔ ان شاء اللہ متاثرہ گاڑیوں کے مالکان کی بھی صوبائی حکومت مالی معاونت کرے گی۔مقتولہ عنبرین کے اہلخانہ کو اراکین اسمبلی نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا مشتاق احمد غنی نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کو اڑتالیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیاہے۔ متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کیلئے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے گی۔ یہ ایک سفاکانہ فعل ہے۔ جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اورملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :