47ہزاربھارتی ڈیلرزکا کم عمری یا بچوں کی شادیاں کروانیوالے خاندانوں کو ٹینٹ نہ دینے کا اعلان

اتوار 1 مئی 2016 11:58

جے پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1مئی۔2016ء)بھارتی ریاست راجستھان میں ٹینٹ فراہم کرنے والے 47000 ڈیلرز نے کم عمری یا بچوں کی شادیاں کروانے والے خاندانوں کو ٹینٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست میں ٹینٹ سروس فراہم کرنے والے ڈیلرز کی تنظیم راجستھان ٹینٹ ڈیلرز کرایہ ویاوسائی سمیتی نے بچوں (کم عمر) کی شادیوں کے لیے سروس نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اس بات کو یقینی بنانے کے لیے، کہ وہ کسی کم عمر جوڑے کی شادی کا حصہ تو نہیں بن رہے، شادی کے ٹینٹ کی سروس فراہم کرنے سے قبل دولہا یا دولہن کے والدین سے اس کا پیدائش کا سرٹیفیکیٹ مانگیں گے جبکہ ایسی کسی صورت میں اگر وہ کسی شادی کے لیے سروس فراہم کر چکے ہوں اور اس میں کسی بچے یا بچی کی شادی ہو رہی ہو تو وہ قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کر دیں گے۔واضح رہے کہ ہندوستان کی بعض ریاستوں کے دیہی علاقوں میں اپریل کے آخری ہفتے یا مئی کے آغاز میں ‘اکھا جیت’ کے تہوار پر یہ روایت عام ہے کہ بچوں کی شادیاں منعقد کی جاتی ہیں۔