پانامہ لیکس نے ن لیگ کی حکومت کو لیک کردیا،بلاول بھٹو، نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

تخت رائیونڈ لرز رہا ہے، خاموش نہیں بیٹھیں گے پانامہ لیکس کا پیچھا کریں گے، نواز شریف تیسری بار وزیراعظم لیکن لیڈر نہیں بنے، سیاست نہیں تجارت کرتے ہیں بزنس مین داخلہ ‘خارجہ پالیسی اپنے مفاد میں بناتا ہے،آف شور کمپنیاں بناتے ہیں،تعلیم پر اس لئے توجہ نہیں دیتا کیونکہ کتابیں سریا سے نہیں بنتیں جنوبی ایشیاء امن کی تلاش میں ہے جنوبی ایشیاء میں امن ہوگا تو مشرق وسطیٰ میں امن ہوگا ان دونوں خطوں میں امن ہوگا تو پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گ،کوٹلی جلسہ سے خطاب

اتوار 1 مئی 2016 11:25

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات تک وزیراعظم استعفیٰ دے دیں ‘ پانامہ لیکس نے ن لیگ کی حکومت کو لیک کردیا ۔ تخت رائیونڈ لرز رہا ہے۔ اب خاموش نہیں بیٹھیں گے پانامہ لیکس کا پیچھا کریں گے۔ میاں صاحب تیسری بار وزیراعظم بنے لیکن لیڈر نہیں بنے نواز شریف سیاست نہیں تجارت کرتے ہیں۔

آئیں ہم سب مل کر مودی کے یار کو شکست دیں۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جو کارکنان ن لیگ کی دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں ان کے قاتلوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے جنوبی ایشیاء امن کی تلاش میں ہے جنوبی ایشیاء میں امن ہوگا تو مشرق وسطیٰ میں امن ہوگا ان دونوں خطوں میں امن ہوگا تو پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی جب تک نہتے کشمیریوں کا خون بہتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

فلطینیوں کے خلاف اسرائیل جنگ جاری رہے گی دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا۔ مشرق وسطی آگ کی لپیٹ میں ہے انہوں نے کہا کہ ملکوں کے درمیان ہتھیاروں کی دوڑ لگی ہوئی ہے غربت ‘ جہالت ‘ انتہا پسندی عروج پر پہنچ چکی ہے آئے روز انتہا پسندی اور شدت پسندی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ یہ سب کچھ اس لئے ہورہا ہے کہ بڑے مسائل حل کرنے کیلئے سرد خانے میں ڈال دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے تین سال میں کبھی کشمیر پر کھل کر بات نہیں کی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مذمت تک نہیں کی۔ آسیہ اندرابی پر ہونے والے واقعے کی امریکہ نے تو مذمت کی لیکن میاں صاحب نے ایک لفظ تک نہیں بولا۔ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پیپلزپارٹی کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرے گی اور خاموش نہیں رہے گی۔

جب کشمیر پر بات کرتا ہوں تو بھارتی حکومت اور میڈیا میرے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں ہماری تصویروں کو آگ لگا دیتے ہیں اور پیپلزپارٹی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔ جب بھٹو بولتا ہے تو ان کے پاس کوئی جواب ہی نہیں ہوتا۔ کشمیریوں کو مودی سرکار کے مظالم سے نجات دلانے کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ہچکولے کھا رہی ہے ایسا لگ رہا ہے کہ پانامہ لیکس کے بعد ن لیگ کی حکومت نے لیک کرنا شروع کردیا ہے۔ تخت رائیونڈ لرز رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے استعفیٰ کے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب پانامہ لیکس کے خلاف تحقیقات مکمل ہوجائیں تو اس کے بعد وزیراعظم اپنا عہدہ دوبارہ سنبھال لیں۔ میاں صاحب کے دن گنے جاچکے ہیں وہ کبھی لندن اپنے چیک اپ کیلئے چلے جاتے ہیں اور ایک نمائندے کو جرمنی اور دوسرے کو امریکہ بھیج دیتے ہیں۔

پانامہ لیکس کے وزیر خزانہ کے پیر پکڑنے بھی چلے جاتے ہیں۔ ایسی تو کوئی بات ہے جس کیلئے وہ سب کچھ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے جھوٹ بے نقاب ہوچکے ہیں دھوکے کی دیوار اب گرنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی شکست کشمیر سے شروع ہوگی اور پاکستان میں پہنچے گی ن لیگ کے لوگ ووٹ خریدنے اور بوگس ووٹر لسٹیں بنانے میں لگے ہوئے ہیں ایک بار پھر 2013 ء کے انتخابات کے ری پلے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

کشمیری عوام ہوشیار رہیں ن لیگ والوں کی دھونس اور دھمکیوں میں نہ آئیں اور ان کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی انتخابات میں شکست مودی کی شکست ہوگی ۔ اور کشمیریوں کی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین دفعہ تو وزیراعظم بنے ہیں لیکن وہ لیڈر نہ بن سکے وہ ایک بزنس مین ہیں اور بزنس مین داخلہ پالیسی ‘ خارجہ پالیسی اپنے مفاد میں بناتا ہے ۔

پی آئی اے اور ریلوے کو اپنے مفاد کیلئے اونے پونے داموں بیچتے ہیں اور پھر خرید لیتے ہیں۔ اور ان پیسوں سے آف شور کمپنیاں بناتے ہیں تعلیم پر اس لئے توجہ نہیں دیتی کہ اس میں سریا استعمال نہیں ہوتا کیونکہ کتابیں سریا سے نہیں بنتیں۔ ترقی کے نام پر اپنے مفاد کیلئے میٹرو بس بناتے ہیں 162 ارب روپے اورنج ٹرین کا منصوبہ شروع کیا ہے یہ دنیا کا سب سے مہنگا منصوبہ ہے۔

جبکہ پورے کشمیر کا بجٹ صرف 68 ارب روپے ہے۔ اگر یہ 162 ارب روپے کشمیریوں پر خرچ کئے جاتے تو یہاں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے اور ان کو روزگار کیلئے دور نہ جانا پڑتا۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا اور ٹیکس لگا کر الٹا عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم آپ سے حساب مانگ رہی ہے ۔ نواز شریف کو یقین ہوگیا ہے کہ اب ان کی حکومت آئینی مدت پوری نہیں کر سکے گی اس لئے انہوں نے جلسے کرنا شروع کردیئے ہیں۔

پیپلزپارٹی نے کشمیریوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے آزاد کشمیر میں جو بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہوئے ہیں ۔ ن لیگ والے محض بدنام کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جو غلطی کرے گا اسے اس کا حساب دینا ہوگا ۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی شفافیت پر یقین رکھتا ہوں لوگوں کی ترقی پر یقین رکھتا ہوں۔ چاہتا ہوں کہ کشمیر پھلے پھولے اور خوشحالی آئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کشمیر کے عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں۔