نیوزی لینڈ: کین ولیمسن ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیموں کا کپتان مقرر

جمعہ 29 اپریل 2016 09:58

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اپریل۔2016ء)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین کین ولیمسن کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیموں کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 25 سالہ کین ولیمسن سنہ 2010 سے قومی ٹیم کا حصہ ہے اور حال ہی میں انڈیا میں منعقدہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی گئی تھی۔

وہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی بین الاقوامی میچوں میں قیادت سنبھالنے والے 34 ویں جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے 29 ویں کپتان ہیں۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ کین ولیمسن ٹیم کی قیادت کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ ’کین ٹیم میں عرصہ دراز سے ایک رہنما کی طرح ہیں اور انھوں نے خود کو ایک بہترین کپتان ثابت کیا ہے۔

(جاری ہے)

’فیلڈ میں اور فیلڈ سے باہر ان کی پیشہ وارانہ توجیحات کے باعث ان کے ساتھی اور کرکٹ کمیونٹی میں وہ باعث عزت ہیں، اور ان کے پاس ایک بہترین کرکٹ کا دماغ ہے۔‘کین ولیمسن آج کل انڈیا میں آئی پی ایل کھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ بلاشبہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں نے بطور کپتان اپنا وقت لطیف انداز میں گزارا ہے اور یقین ہے کہ یہ ٹیم بہت کچھ حاصل کر سکتی ہے۔

‘کین ولیمسن نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے سابق کپتان برینڈن میک کلم کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے برینڈن سے بہت کچھ سیکھا ہے، جیسا کہ ان کے ساتھ کھیلنے والے ہر کسی نے سیکھا۔‘خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم جولائی، اگست میں افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں وہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔

متعلقہ عنوان :