شہبازشریف کا رات گئے سول ہسپتال بہاولپور کا اچانک دورہ،ڈاکٹروں اور پیرامیڈیک کی کمی پر اظہار برہمی

بہاولپور میں400 بیڈز کا ہسپتال بنایا گیا ہے اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں اور مشینری فراہم کی گئی ہے ہسپتال کا پوری طرح فنکشنل نہ ہونا قابل افسوس ہے، سیکرٹری صحت کو سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کی ہدایت صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں، صرف متعلقہ حکام کو عزم اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے:وزیراعلیٰ

جمعہ 29 اپریل 2016 09:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رات گئے سول ہسپتال بہاولپور کا اچانک دورہ کیا۔ وہ مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے لواحقین سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیک کی کمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال قائم کیا گیا ہے لیکن ہسپتال کا پوری طرح فنکشنل نہ ہونا قابل افسوس ہے۔یہ ہسپتال اس لئے نہیں بنایا کہ یہاں مریضوں کو علاج معالجے کی مکمل سہولتیں میسر نہ آئیں۔ کمشنر اور ڈی سی او بھی ہسپتال کو مکمل فنکشنل کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے جسے ہر قیمت پر پورا کروں گا۔

انہو ں نے کہا کہ بہاولپور میں400 بیڈز کا ہسپتال بنایا گیا ہے اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں اور مشینری فراہم کی گئی ہے۔ صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں، صرف متعلقہ حکام کو عزم اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے باتھ رومز میں ناقص صفائی پر ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی۔