سپریم کورٹ حکم کے باوجود نادرا نے این اے 110کی جانچ پڑتال رپورٹ جمع نہیں کرائی،تحریک انصاف کا چیئرمین نادرا کو خط

بدھ 27 اپریل 2016 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین نادرا کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے تین ماہ کے اندر این اے 110 کی جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا مقررہ مدت گزرنے کے باوجود نادرا کی طرف رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کی جانب سے چیئرمین نادرا کو لکھے جانے والا خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے 19 جنوری 2016 ء کو نادرا کو این اے 110 سیالکوٹ کے انتخابی مواد کی جانچ اور تین ماہ کے اندر رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا ۔

19 اپریل کو مدت ختم ہونے کے باوجود نادرا نے نہ ہی رپورٹ جمع کروائی نہ ہی تاخیر کی وضاحت کی۔ نادرا کی جانب سے رپورٹ کی تیاری میں مزید تاخیر بادی النظر میں بدنیتی شمار کی جائے گی۔ خط میں مزید لکھا گیا کہ رپورٹ کی تیاری میں تاخیر سے چیئرمین اور نادرا کی ساکھ پر بڑے اثرات مرتب ہوں گے۔ نادرا مزید تاخیر سے گریز کرے تاکہ فراہمی انصاف کا عمل موثر اور تیز بنایا جاسکے۔