99 ء سے 2013 ء تک پاکستان میں توانائی کے شعبے میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی گئی ،نواز شریف، بجلی کی طلب میں اضافے ہوا اور ملک میں لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے تک پہنچ گئی ،توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملکی معیشت میں مزید بہتری آئے گی ، وزیر اعظم کا اجلاس سے خطاب ،اجلاس میں ملک میں جاری توانائی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ،کچھ لوگ حکومت پر ناجائز تنقید کرکے ہمیں ترقی کے سفر سے ہٹانا چاہتے ہیں، نواز شریف، تنقیدی عنا صر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے،پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے ، وزیراعظم کا اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات میں اظہا ر خیال

بدھ 27 اپریل 2016 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اپریل۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 1999 ء سے 2013 ء تک پاکستان میں توانائی کے شعبے میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں بجلی کی طلب میں اضافے ہوا اور ملک میں لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے تک پہنچ گئی انہوں نے یہ بات وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ملک میں جاری توانائی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی ۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے جہلم اور ملک میں جاری دیگر منصوبوں کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا اجلاس میں ٹرانسمیشن لائنوں سے متعلق مسائل کا جائزہ بھی لیا گیا اجلاس میں وزیر اعظم کو آگا کیا گیا کہ حکومت کے توانائی کے منصوبوں کے لائحہ عمل پر مکمل عمل ہو رہا ہے اور دو سال سے بھی کم عرصے میں نیشنل گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ سے بھی زیادہ بجلی شامل کر دی جائے گی اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر منصوبے نہ صرف مقررہ مدت میں پورے کئے جائیں گے بلکہ ان کو مکمل شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ 1999ء سے لے کر 2013 تک ملک کے توانائی کے شعبے میں صفر سرمایہ کاری کی گئی جس کے باعث توانائی کی طلب میں اضافے کی وجہ سے دن میں 18 گھنٹے ملک کی طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی کے منصوبوں میں اربوں روپے خرچ کر چکی ہے اور حکومت کی مدت کے اختتام تک نہ صرف لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا جائے گا بلکہ صارفین کو سستی بجلی بھی مہیا کی جائے گی وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملکی معیشت میں مزید بہتری آئے گی جس کی بدولت روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور قومی پیداوار بھی بڑھے گی ۔

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ حکومت پر ناجائز تنقید کرکے ہمیں ترقی کے سفر سے ہٹانا چاہتے ہیں ایسے لوگ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، ان خیا لا ت کا اظہا ر انہو ں نے اراکین قومی اسمبلی سے الگ الگ ملاقات کے دورا ن کیا ، ملاقات کرنیوالوں میں بابر نواز خان ، سید محمد ثقلین بخاری ، ملک سلطان محمود ہنجرا شامل تھے ۔

ارکان قومی اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا وزیراعظم نے اراکین کو ملک کی فلاح وبہبود کے لیئے دن رات وقف کرنے کی نصحیت کی ۔اراکین نے عوامی مسائل اور سیاسی معاملات کے بارے میں بھی وزیراعظم سے گفتگو کی وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اراکین قومی اسمبلی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اراکین قومی اسمبلی اپنی شب وروز عوام اور ملک کی فلاح وبہبود کے لئے وقف کریں پاکستان بہت جلد اندھیروں سے نکل کر ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا ہوگا اور چین اور پاکستان کی اقتصادی راہداری منصوبے سے انشاء اللہ عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور یہ منصوبہ انقلاب کی سیڑھی کا زینہ بنے گا وزیراعظم نے ملاقاتوں میں اراکین قومی اسمبلی سے مزید کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اور کوشش کو توانائی اور ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز کریں کیونکہ کچھ لوگ حکومت پر ناجائز تنقید کرکے ہمیں ترقی کے سفر سے ہٹانا چاہتے ہیں ایسے لوگ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا جبکہ اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم سے کہا کہ عوام حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے بہت خوش اور مطمئن ہیں اور وزیراعظم کی عوام دوست پالیسیوں کے بے حد پذیرائی ملی ہے