پشاور ،حکومت کی جانب سے پارلیمانی پارٹیوں کی آل پارٹیزکانفرنس، اقتصادی راہداری منصوبے پرصوبائی تحفظات دور نہ ہونے تک منصوبہ کے روٹس میں آنے والی زمینوں پر سیکشن فور نہیں لگایا جائیگا ،صوبائی اسمبلی میں تمام پارٹیاں متفقہ قرارداد بھی لائیں گی،اے پی سی میں فیصلہ ،سیکشن فور لگانے کے اختیارات صوبائی حکومت کو دیدئیے گئے

منگل 26 اپریل 2016 09:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26اپریل۔2016ء)وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں حکومت کی جانب سے پارلیمانی پارٹیوں کی آل پارٹیزکانفرنس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر خیبر پختونخوا کے تحفظات دور نہ ہونے تک منصوبہ کے روٹس میں آنے والی زمینوں پر سیکشن فور نہیں لگایا جائیگا اور اس حوالے سے صوبائی اسمبلی میں تمام پارٹیاں مغربی روٹس کے حق اور زمینوں پر سیکشن فور نہ نافذ کرنے کے حوالے سے ایک متفقہ قرارداد بھی لائیں گی، اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں نے صوبائی حکومت کو سیکشن فور لگانے کے اختیارات دیدیئے ، اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ راہداری منصوبے پر وفاق کی غیر لچک دار رویہ پر جلد ایک اور آل پارٹیز کانفرس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام پارٹیوں کے قائدین شرکت کرینگے ۔

(جاری ہے)

آل جماعتی کانفرنس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی شرکت کی جبکہ کانفرنس کی میزبانی وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے کی۔اے پی سی میں جماعت اسلامی کے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک، پیپلز پارٹی کے محمد علی باچا، قومی وطن پارٹی کے انیسہ زیب طاہرخیلی ، مسلم لیگ ق کے انتخاب چمکنی، جے یوآئی ف کے غلام علی اور پی ٹی آئی کے شہرام ترکئی سمیت دیگر وزراء نے شرکت کی ۔