فوج نے آپریشن ضرب احتساب شروع کردیا،لوٹ مارکرنے والوں کیلئے سورج سوانیزے پرآئے گا،صاحبزادہ حامدرضا

پیر 25 اپریل 2016 09:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اپریل۔2016ء)سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ فوج نے آپریشن ضرب ِاحتساب شروع کردیا ہے۔اب لوٹ مار کرنیوالوں کیلئے سورج سوا نیزہ پر آئے گا اور اب کو ئی احتساب سے نہیں بچ سکے گا۔ احتساب کا بگل بج چکا ہے۔آرمی چیف نے ”کرپشن ناقابل قبول “ کا سخت پیغام دے دیا ہے۔تحریک انصاف کے ایم پی اے کا قتل قابل مذمت ہے۔

فوجی افسروں کا احتساب کرنے پر پوری قوم نے جنرل راحیل شریف کے جرأت مندانہ اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔طاقتوروں کا احتساب نہ ہوا تو ملک میں خونی انقلاب آسکتاہے۔فوج نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کرکے قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ کرپشن کی مخالفت اور احتساب کی حمایت کو قومی نصب العین بنایا جائے۔حکمران اپنی جائیدادیں اور اولادیں ملک میں لائیں۔

(جاری ہے)

جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کی میڈیا ٹیم کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار کو کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے۔ احتساب اورانصاف کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ملکی دولت لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لایا جائے۔احتساب سے جمہوریت کمزور نہیں مضبوط ہو گی ۔ کرپشن کا خاتمہ ہی پائیدار امن کی کنجی ہے۔فوج نے اپنے ادارہ میں احتساب شروع کرکے پہل کردی ہے اب حکمرانوں کی باری ہے۔کسی تفریق کے بغیر تمام چھوٹوں بڑوں کا بے رحم احتساب کیا جائے۔حکمران خاندان کی ناجائز دولت کے انکشاف کے بعد غریب اور محروم طبقہ کا غم و غصہ خطرناک حدوں کو چھورہا ہے۔سیاسی ، سماجی اور معاشی دہشتگردوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :