مین لائن ون کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے ،کام کی رفتار کو تیز کرنا ہوگا ،سعد رفیق ، پی سی ون کی منظوری ،ابتدائی ڈیزائن کی تکمیل اور دوسرے اقدامات کو بہت جلد حتمی شکل دے کر مکمل کیا جائے،وفاقی وزیر ریلوے کی وفد سے گفتگو

اتوار 24 اپریل 2016 10:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈکوارٹرکے کمیٹی روم میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مین لائن ون کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر کام کی رفتار کو تیز کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ پی سی ون کی منظوری ،ابتدائی ڈیزائن کی تکمیل اور دوسرے اقدامات کو بہت جلد حتمی شکل دے کر مکمل کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے چائنہ سے واپس آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔قبل ازیں پاکستان ریلوے کے23رکنی وفدنے جس کی سربراہی چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انورنے کی۔وفدنے چائنہ سے واپسی پروزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو اپنے دورے سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے وزیر ریلوے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چائنہ میں ہماری اعلی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں سینئر افسران ،پروفیسرزاور ڈیزائن انجینئرز نے ہمیں بتایا کہ چائنہ میں انہوں نے ٹرینوں کی رفتار کو مرحلہ وار کیسے بڑھایا اور مزید کیسے بڑھانے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیر ریلوے کو مزید بتایا کہ ہم نے ریلوے کے ٹنل اور پلوں سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔ وفد نے بتایا کہ یہ تجربات اور معلومات جو چائنہ کے دورے کے دوران حاصل کیے انہیں ہم مین لائن ون میں عمل درآمدکرکے کام میں لائیں گے۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور،مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی،ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچر ہمایوں رشید،ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک مقصودالنبی سمیت اعلی ریلوے حکام نے شرکت کی۔

بعدازاں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں ایک اور اجلاس ہوا جس میں شاہدرہ سے رائیونڈتک ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ جگہوں جہاں غلاظت اور کوڑے کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں اُن کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے پھول دار درخت،پودے اور جھاڑیوں نیز فینسنگ کے ذریعے محفوظ بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔ اس موقع پر ریلوے کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلوے انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ارشد اسلام خٹک ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ وقار احمد شاہدسمیت دیگر اعلیٰ حکام اور پنجاب حکومت کی طرف سے کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر کیپٹن (ر) محمد عثمان، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد، ڈی جی پی ایچ اے محمد شکیل بھی موجود تھے اجلاس میں وزریر ریلوے کو وزیراعلی پنجاب کی طرف سے ابتدائی منظوری کے بعدڈی جی پی ایچ اے محمد شکیل نے اس پلان کو حتمی شکل دینے سے متعلق بریفینگ دی ۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہوگا جسے بعد میں پورے ملک میں پھلادیاجائے گا ۔اس منصوبہ کی تکمیل سے نہ صرف یہ کہ ٹریک کے دونوں طرف خوبصورت منظرہوگا بلکہ علاقہ مکینوں کو بھی خوبصورت ماحول میں جم،بیڈمنٹن کورٹ،لائبریری،گارڈن کیفے کی سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں اس انقلابی منصوبہ پر عملدرآمدکو تیز ترین رفتار سے شروع اور جلد مکمل کرنے کے طریقہ کار پر غور ہوااور اہم فیصلے کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :