ملکی ترقی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ،صدر ،وزیر اعظم ،نواز شریف کی ممنون حسین سے ملاقات ،پانامہ لیکس کی تحقیقات سے متعلق چیف جسٹس کو خط اور حالیہ اجلاسوں میں حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں لیا،دونوں رہنماؤں کا ملک میں امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار ،مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا،دہشت گردی اور انتہاپسندی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائیگا ،آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا،ترقیاتی منصوبوں کو شفاف انداز میں بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا، دونوں رہنماؤں میں اتفاق،چند عناصر ملک کو عدم استحکام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں،حکومت ترقی کیلئے خوشحالی کے ایجنڈے سے کسی صورت نہیں ہٹے گی،نواز شریف، صدر نے معاشی بحالی پر وزیر اعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا

ہفتہ 23 اپریل 2016 09:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2016ء)صدر ،وزیر اعظم نے ایک بار پھر اپنے قومی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملک سے ہر صورت دہشت گردی ،انتہاپسندی کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری ر ہے گا،دونوں رہنماؤں نے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،دونوں رہنماؤں میں اتفاق کیا کہ ملکی ترقی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،جاری ترقیاتی منصوبوں کو شفاف انداز میں بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

بدعنوانی کیخلاف حکومت نے عدم برداشت کا رویہ اپنایا ہوا ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے ایوان صد ر میں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی ہے جو ایک گھنٹہ سے زائد تک جاری رہی ،دوران ملاقات صدر ممنون حسین نے وزیر اعظم کی خیریت بھی دریافت کی ،ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال باالخصوص پانامہ لیکس ،ملک میں جاری ترقیاتی منصووبوں اورآپریشن ضرب عضب، امن وامان سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پانامہ لیکس معاملہ زیادہ تر زیر بحث رہا ،وزیر اعظم نے پانامہ لیکس پر حکومت کی جانب سے کمیشن کا قیام اور حالیہ حکومتی اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق صدر کو آگاہ کیا، رپورٹ کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں کمیشن کے قیام کیلئے حکومتی خط لکھنے بارے بھی صدر کو اعتماد میں لیا ،وزیر اعظم نے کہا کہ پانامہ پیپرز میں میرا نام نہیں ہے تاہم اس کے باوجود کچھ عناصر ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتے ہیں اور ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،دہشت گردی کیخلاف آپریشن ضرب عضب سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ،وزیر اعظم نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،معاشی اور اقتصادی امور حکومت فیصلوں سے صدر کو آگاہ کیا اور کہا کہ حکومتی ترقی کیلئے خوشحالی کے ایجنڈے سے کسی صورت نہیں ہٹے گی ،عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ،صدر مملکت ممنون حسین ملک کی معاشی بحالی پر وزیر اعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے اور کہا کہ ملک استحکام اور ترقی کیلئے سب حکومت کا ساتھ دیں ،دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا اور امن و امان کی صورت حال میں مزید بہتری لانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا،پاک چین اقتصادی راہداری اور ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا اور تمام تر سازشوں کو بے نقاب کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

صدر ،وزیر اعظم نے ملک میں امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،دونوں رہنماؤں کے درمیان آئی ڈی پیز کی واپسی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیاگیا ،دونوں رہنماؤں نے متاثرین کو باعزت اپنے گھروں میں واپسی کیلئے تمام تر وسائل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔