قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے انٹرنیٹ پر موجود توہین آمیز مواد کا سختی سے نوٹس لے لیا،پی ٹی اے کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت

جمعہ 22 اپریل 2016 09:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2016ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے انٹرنیٹ پر موجود توہین آمیز مواد کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئر مین اسمٰعیل شاہ کو خط لکھ کر فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام سپیکر نے اپنے خط میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور یو ٹیوب پر موجود گستاخانہ موادکی موجودگی پر شدید غم و غصہ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مواد سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ان کی شان اقدس میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے پی ٹی اے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ایسے مواد کو فوری طور پر روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اور ان شیطانی سر گرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔