کچہ جمال میں بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز، گن شپ ہیلی کاپٹرز نے چھوٹو کے ٹھکانوں کے فضائی جائزے کے بعد بکتر بند کشتیوں کے ذریعے فوج کے کمانڈوز کی چھوٹو کی کمین گاہوں کو گھیرے میں لے کر زبردست شیلنگ اور فائرنگ،رحیم یار خان اور راجن پور کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ، سندھ اور پنجاب بارڈر کو بھی مکمل طور پر سیل کر دیاگیا

منگل 19 اپریل 2016 09:58

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اپریل۔2016ء) پاک فوج کی جانب سے کچہ جمال میں بدنام زمانہ چھوٹو گینگ کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سوموار کے روز کورکمانڈر ملتان اشفاق ندیم کی زیر صدارت کچے میں پاک فوج کے کمانڈرز اور آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے درمیان ہونے والی ایک اہم ملاقات کے بعد فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹرز نے چھوٹو کے ٹھکانوں کا فضائی جائزہ لیا جس کے بعد بکتر بند کشتیوں کے ذریعے فوج کے کمانڈوز نے چھوٹو کی کمین گاہوں کو گھیرے میں لے کر زبردست شیلنگ اور فائرنگ شروع کر دی ۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے اتوار اور سوموار کی درمیانی شب ضلع رحیم یار خان اور راجن پور کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی تھیں جبکہ سندھ اور پنجاب بارڈر کو بھی مکمل طور پر سیل کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق چھوٹو گینگ نے اس وقت 100 سے زیادہ ڈاکوؤں کے علاوہ بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے فراری بھی بڑی تعداد میں چھوٹو کے ساتھ قیام پذیر ہیں اور ان کے پاس بھاری اسلحہ ،راکٹ لانچرز ،بارود اور انٹی ائیر کرافٹ گنز بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ وہ مغوی 25 پولیس اہلکاروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔