وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کی لندن میں ملاقات،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،پانامہ لیکس کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر مشاورت،چوہدری نثار نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی، لندن آتے ہوئے طیارے میں عمران خان سے ملاقات سے آگاہ کیا،کسی کو بھی پاکستان میں سیاسی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،دونوں رہنماوں کا اتفاق

پیر 18 اپریل 2016 09:45

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اپریل۔2016ء)وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان لندن کے ہوٹل میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان لندن کے چرچل ہوٹل میں ملاقات ہوئی، دونو ں رہنماؤں کے درمیان اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پانامہ لیکس کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی ۔

ملاقات میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور انہیں لندن آتے ہوئے طیارے میں عمران خان سے ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا اور تحریک انصاف کواسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کی شرائط کے نکات سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان میں سیاسی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

حکومت پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقات کرنے کو تیار ہے ۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے چوہدری نثار کو اپنے طبی معائنے کے حوالے سے بتایا کہ وہ ڈاکٹروں کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد فوری طورپر وطن واپس جائیں گے وزیر داخلہ چوہدری نثار جرمنی سے لندن پہنچے تھے ۔