حکومت پنجاب کا کاشتکاروں سے40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ،صوبہ بھر میں376گندم خرید مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں سے 25اپریل سے گندم کی خریداری شروع کردی جائے گی،بلال یاسین

اتوار 17 اپریل 2016 11:02

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کاشتکاروں سے40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کے حصول کیلئے صوبہ بھر میں376گندم خرید مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں سے 25اپریل سے گندم کی خریداری شروع کردی جائے گی اس سلسلہ میں تمام پیشگی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔

یہ بات صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے گزشتہ ہفتے کے روز سیالکوٹ میں گندم خرید مرکز کے معائنہ کے دوران بتائی ۔ اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ ، چودھری محمد اکرام، محسن اشرف، آصف باجوہ ، ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل اور اے ڈی سی سیالکوٹ عمر شیر چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ڈی ایف سی سیالکوٹ روحیل بٹ کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی خریداری کے مراکز پرکاشتکاروں کو حکومتی ہدایات کے مطابق سہولیات فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری میں کسی قسم کی بے ضابطگی اور بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کم رقبہ کے مالک چھوٹے زمینداروں اور کاشتکاروں سے پہلے آوٴ اور پہلے پاوٴ کی بنیادپر گندم کی خریداری کی جائے گی اور اس مقصدکیلئے پہلے 5روز ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم رقبہ کے مالکان کو ہی باردانہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت 1200فی من سے بڑھا کر 1300روپے فی من کردی ہے جبکہ ڈلیوری چارجیز 9روپے فی من کے حساب سے کسان کو ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ فی ایکڑ گندم کی خریداری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اس اب فی ایکڑ20پی پی بیگز کے حساب سے جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کے علاوہ کسی میڈل میں یا بیوپاری سے گندم کی خریداری نہیں کی جائے گی ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ کاشتکاروں شکایات اور تحفظات کے ازالہ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے رئیل ٹائم ڈیٹا انٹری سافٹ وئیر تیار کیا گیا ہے جس میں کاشتکار کانام ، شناختی کارڈ نمبر، گندم کی بوائی کی جگہ، موضع کی تفصیل ، باردانہ کی حقدار اور گندم کی خریداری کے کوائف درج کئے جائیں گے جس کے ذریعے گندم کی خریداری کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہر سنٹر ہر سپروائزری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو موقع پر ہی شکایات کا ازالہ کرے گی۔ صوبائی وزیر نے محکمہ خوارک نے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی خریداری مہم کامیاب بنانے کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور اس سلسلہ میں تساہل اور غفلت کا مظاہر ہ نہ کیا جائے ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک نے ڈی ایچ کیو ہسپتال سیالکوٹ ، گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ، گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ، اراضی سروس سنٹرسیالکوٹ ، اراضی سہولت سنٹر ڈسکہ اور ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈسکہ کا بھی دورہ کیا ۔

صوبائی وزیر نے سروس سنٹر میں”نقل فرد“ کے حصول کیلئے آئے ہوئے سائلین سے سروس سنٹر کی کارکردگی کے بارے تبادلہ خیال کیا اور وزیٹر رجسٹرڈ پر درج ٹیلی فون اور موبائل نمبر پر کال کرکے ادارے میں دی جانے والی سہولیات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔