کراچی آپریشن کا حتمی مقصد شہر میں امن و امان کا مکمل قیام ہے، راحیل شریف ، اقتصادی ‘ معاشی سرگرمیاں کراچی کے امن سے براہ راست وابستہ ہیں ، پر امن کراچی کیلئے تمام کوششوں کو مربوط کرنا ضروری ہے،آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ ،میں سیکیورٹی اجلاس کی صدارت

جمعرات 14 اپریل 2016 09:49

راولپنڈی/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14اپریل۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ کراچی آپریشن کا حتمی مقصد شہر میں امن و امان کا مکمل قیام ہے۔ اقتصادی ‘ معاشی سرگرمیاں کراچی کے امن سے براہ راست وابستہ ہیں ۔ پر امن کراچی کیلئے تمام کوششوں کو مربوط کرنا ضروری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کے روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا‘ آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی میں سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں کور کمانڈر کراچی‘ ڈی جی آئی ایس آئی ڈی جی ایم او‘ ڈی جی رینجرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں آرمی چیف کو کراچی میں جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے کراچی آپریشن کی کامیابی اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے ائیر وار کالج میں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر میں قیام امن کے لئے مربوط کوششیں کرنی ہوں گی۔ کراچی آپریشن کا حتمی مقصد شہر میں امن و امان کی مکمل بحالی ہے۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو بھی سراہا ۔ آرمی چیف نے دہشٹ گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی فورس کیلئے غیر متزلزل حمایت پر کراچی کے عوام کی تعریف کی آرمی چیف نے رینجر‘ انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔